جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ایک میٹنگ کے دوران دیہی ترقی محکمہ کی سکیموںکی عمل آوری کا جائزہ لیا۔سیکرٹری دیہی ترقی شیتل نندا ، محکمہ کے ناظم سدھرشن کمار ، ڈائریکٹر پنچایتی راج محمد رفیع اور دیگر افسرمیٹنگ میں موجود تھے۔جبکہ کشمیر صوبے کے افسروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔مشیرنے ایم جی نریگا ، پردھان منتری آواس یوجنا ، سنسد آدرش گرام یوجنا اور راشٹریہ گرام سوراج ابھیان کے تحت در دست لی گئی سکیموںکی طبعی مالی حصولیابیوں کے بارے میں تفصیلات طلب کیں۔لاک ڈاون کے دوران ایم جی نریگا کے کام بحال کرنے کے حکومت کے فیصلے کے تناظر میں مشیر نے متعلقہ افسروں کو یہ کام وقت مقررہ کے اندر مکمل کرنے اور زیادہ سے زیادہ رجسٹرڈ مزدوروں کو روزگار فراہم کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ اِن کاموں کی عمل آوری کے دوران سٹینڈاڈ اوپریٹنگ پروسیجرس پر سختی کے ساتھ عمل کیا جانا چاہیئے ۔انہوں نے کاموں کے دوران سماجی دوری بنائے رکھنے ، ماسک استعمال کرنے اور ہاتھوں کو صابن و پانی سے بار بار دھونے کے عمل کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مزدوروں کو کووڈ۔19 کے رہنما خطوط کا پابند بنائیں۔بصیر احمد خان نے اے سی ڈیز کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کے اہداف کے تعلق سے اُن پر نظرثانی کریں اور اس عمل میں تمام پہلوئوںکا خاص خیال رکھیں۔اُنہوں نے دیہی علاقوں کے سماجی و اقتصادی منظر نامے کو فروغ دینے کے لئے محکمہ جاتی سکیموں کی عمل آوری میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔مشیر نے اِلتوا میں پڑے پروجیکٹوںکو بھی مکمل پر زور دیا۔بصیر احمد خان نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ سبھی نئے ترقیاتی پروجیکٹوں کو متعلقہ گرام سبھائوں کی منظوری کے ذریعے در دست لیں۔اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ گرام سبھائوں کو اُن کی ذمہ داریوں کے بارے میں بتایا جانا چاہیئے تاکہ ترقیاتی کاموں کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔پردھان منتری آواس یوجنا گرامین کے تحت حاصل کئے گئے اہداف کا جائزہ لیتے ہوئے تمام اے سی ڈیز کو مقررہ اہداف کے مطابق مکان کی تعمیر مکمل کرنے اور اس سلسلے میں صد فیصد نشانہ حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی۔