عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// قومی راجدھانی دہلی کے رام لیلا میدان کے قریب ترکمان گیٹ علاقے میں چلائی گئی انسداد تجاوزات مہم کے دوران پرتشدد پھوٹ پڑا۔ دہلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پتھراؤ کی وجہ سے اس کے پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔دہلی ہائی کورٹ کی ہدایات کی تعمیل میں دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) نے 17 بلڈوزر اور بھاری پولیس فورس کے ساتھ یہ انہدامی مہم چلائی۔ اس طرح کی کارروائیاں عام طور پر صبح آٹھ بجے کے بعد شروع ہوتی ہیں، تاہم انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات اور احتجاج کے پیش نظر تجاوزات کو ہٹانے کا کام نصف شب 1:30 بجے شروع کیا۔اس مہم کا بنیادی مقصد فیض الٰہی مسجد کے قریب اور رام لیلا میدان کی زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ کمیونٹی ہال، ایک ڈسپنسری اور کچھ دیگر تجارتی ڈھانچوں کو منہدم کرنا تھا۔جیسے ہی بلڈوزر نے عمارتوں کو گرانا شروع کیا، مقامی لوگوں نے احتجاج شروع کر دیا اور جلد ہی حالات کشیدہ ہو گئے۔ اس دوران کچھ لوگوں نے پولیس اور میونسپل کارکنوں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔دہلی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ تشدد میں کم از کم پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے استعمال کیے گئے، جس کے بعد حالات معمول پر آ گئے۔ وہیں پولیس نے تشدد اور پتھراؤ کے الزام میں پانچ سے زیادہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سنٹرل) ندھن والسن نے کہا کہ ایم سی ڈی نے چھ اور سات جنوری کی درمیانی رات کو انہدامی کارروائی کا شیڈول طے کیا تھا، جس کے بعد پولیس اہلکاروں کو متحرک کر کے جائے وقوع پر تعینات کیا گیا، لیکن احتیاط کے باوجود جب جے سی بی سمیت ایم سی ڈی کی مشینری پہنچنے والی تھی، اسی دوران تقریباً 100-150 لوگ جمع ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ زیادہ تر لوگ سمجھانے کے بعد منتشر ہو گئے، حالانکہ کچھ نے ہنگامہ آرائی کرنے کی کوشش کی اور پتھراؤ شروع کر دیا، جس میں پانچ پولیس اہلکار معمولی طور پر زخمی ہوگئے۔ ڈی سی پی نے کہا کہ ’’ہمیں بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ میڈیکل رپورٹس، بیانات کے بعد قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔