عظمیٰ نیوز سروس
الور// راجستھان کے ضلع الور کے رینی تھانہ علاقے میں بدھ کی علی الصبح دہلی ممبئی ایکسپریس وے پر ایک انتہائی دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جس میں ایک پک اپ گاڑی میں آگ لگنے سے 3 افراد موقع پر ہی زندہ جل کر جاں بحق ہو گئے، جبکہ گاڑی کا ڈرائیور شدید طور پر جھلس گیا۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ ایکسپریس وے کے چینل نمبر 131.5 پر پیش آیا، جہاں دہلی سے جے پور کی طرف جا رہی پِک اَپ آگے چل رہے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے فوراً بعد پِک اَپ سے چنگاریاں اٹھیں اور چند ہی لمحوں میں گاڑی شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ گاڑی میں سوار افراد کو باہر نکلنے کا موقع تک نہ مل سکا۔حادثے کے وقت پک اپ میں کل 4 افراد سوار تھے۔ آگ لگنے کے نتیجے میں 3 افراد بری طرح جھلس گئے اور موقع پر ہی ان کی موت ہو گئی، جبکہ ڈرائیور شدید طور پر جھلس گیا۔ اطلاع ملتے ہی رینی پولیس موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کی ٹیم بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔پولیس اور ریسکیو ٹیم نے جھلسے ہوئے افراد کو گاڑی سے باہر نکال کر فوری طور پر رینی کے سرکاری اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے 3 افراد کو مردہ قرار دے دیا۔ شدید زخمی ڈرائیور کی حالت نازک ہونے کے سبب اسے ابتدائی طبی امداد کے بعد جے پور ریفر کر دیا گیا۔ابتدائی جانچ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ حادثے کے وقت ممکن ہے کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرائی ہوں، تاہم جب پولیس موقع پر پہنچی تو وہاں صرف جلی ہوئی پک اپ ہی موجود تھی اور کوئی دوسری گاڑی نظر نہیں آئی۔ پولیس حادثے کی وجوہات کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہے۔