عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//دہلی لال قلعہ بم دھماکہ کیس میں اپنی مسلسل تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر، این آئی اے نے پیر کو جموں و کشمیر میں کئی مقامات پر وسیع تلاشی لی۔انسداد دہشت گردی ایجنسی، جو کیس 21/2025 میں مختلف لیڈز کی پیروی کر رہی ہے، نے سرینگر، بارہمولہ، جموں، کولگام، گاندربل اور ہندواڑہ کے اضلاع میں9مقامات کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران کئی ڈیجیٹل ڈیوائسز ضبط کی گئیں اور انہیں فرانزک تجزیہ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔10 نومبر 2025 کو قومی راجدھانی کو ہلا کر رکھ دینے والے مہلک دھماکے میں اب تک کل 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس مہلک دھماکے میں مرکزی ملزم عمر النبی بھی مارا گیا۔ این آئی اے کو تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ عمر نے گرفتار شریک ملزمان اور دیگر کے ساتھ مل کر دھماکے کی سازش کی تھی۔