جموں // جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا ہے جموں ائر فورس سٹیشن پر حملہ ایک دہشت گرد حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر ایجنسیاں آئی اے ایف اہلکاروں کے ساتھ مل کر حملے کے پیچھے کی منصوبہ بندی کو بے نقاب کرنے کے لئے کام کر رہی ہیں۔ انسداد دہشت گردی تحقیقات ایجنسی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی ایک ٹیم بھی موقع پر موجود ہے۔ پولیس سربراہ نے دعویٰ کیا کہ جموں میں لشکر طیبہ کے ایک آپریٹو کے قبضے سے پانچ کلو گرام وزنی آی ای ڈی برآمد کر کے جنگجوئوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنایا گیا ہے ۔پولیس سربراہ نے بتایا: 'جموں پولیس نے ایک پانچ تا چھ کلو گرام وزنی آئی ای ڈی برآمدکی ،یہ آی ای ڈی لشکر طیبہ کے ایک آپریٹو کو کسی بھیڑ بھاڑ والی جگہ پر نصب کرنے کے لئے دی گئی تھی‘‘'۔انہوں نے کہا: 'گرفتار شدہ شخص سے تفتیش کی جا رہی ہے اور اس معاملے میں مزید گرفتاریاں متوقع ہے '۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے ہفتے کی شام نروال علاقے میں لشکر طیبہ کے آپریٹو کو دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا ہے ۔انہوں نے بتایا: 'مذکورہ شخص کو ایک مشہور شاپنگ مال کے قریب اسلحہ، گولہ بارود اور پانچ کلو گرامی وزنی آئی ای ڈی سمیت گرفتار کیا گیا'۔مذکورہ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اس گرفتاری کے نتیجے میں جموں شہر میں حملے کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنایا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے بتایا ، "مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تفتیش کے لئے مزید تین افراد کو پکڑ لیا گیا ہے۔آئی ای ڈی کے ساتھ حراست میں لائے گئے شخص کا تعلق با نہال علاقے سے ہے۔