نئی دہلی// وزیر خارجہ ایس ایس جے شنکر اور ان کے چینی ہم منصب وانگ یی نے بدھ کو دوشنبہ میں ایک گھنٹہ کی میٹنگ میں مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی) کے زیر التو معاملات کے حل پر توجہ دی۔ بات چیت کے بعد جے شنکر نے کہا کہ انہوں نے روشنی ڈالی کہ یکطرفہ جمود کی تبدیلی ہندوستان قبول نہیں ہے اور دونوں فریقین نے سینئر فوجی کمانڈروں کے جلد اجلاس بلانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔جے شنکر نے ٹویٹ کیا ،’’دوشنبہ ایس سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر چین کے اسٹیٹ کونسلر اور ایف ایم وانگ یی کے ساتھ ایک گھنٹہ دوطرفہ ملاقات میں ایل اے سی کے ساتھ موجود امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ‘‘۔انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کی ترقی کے لئے سرحدی علاقوں میں امن و امان کی مکمل بحالی ضروری ہے۔