گاندربل//دو سال قبل محکمہ تعمیرات عامہ نے دودرہامہ سے فتح پورہ رابطہ سڑک پر میکڈم بچھایا گیا تاہم دو سال میں میکڈیم جگہ جگہ اکھڑ جانے سے سڑک اب کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے اور بارشیں ہونے کی صورت میں جھیل کا منظر پیش کرتی ہے اور دھوپ میں گردو غبار سے یہاں چلنا پھرنا دوبھر ہوجاتاہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 2018 میں اس سڑک پر میکڈم بچھایا گیا ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ غیر معیاری اور ناقص مواد استعمال میں لانے کی وجہ سے وہ کئی مقامات پر چند ماہ کے دوران ہی اکھڑ گیااور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پوری سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی۔ 2020 میں ایک مرتبہ پھر لاکھوں روپے خرچ کرکے سڑک کی پیوند کاری کی گئی جس میں ایک مرتبہ پھر سے ناقص مواد استعمال کیا گیا جو چند روز میں ہی اکھڑ گیااور اب سڑک مکمل طور ناقابل استعمال بن گئی ہے۔ لوگوں نے مانگ کی کہ اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئے اور سڑک کو قابل استعمال بنایا جانا چاہئے۔