عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بارہمولہ ضلع کے دلنہ علاقے میں منگل کی صبح ایک نوجوان کو پُراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔ذرائع نے بتایاکہ دلنہ بارہمولہ کے راتھر پورہ علاقے میں مسجد کے قریب منگل کی صبح ایک شخص پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔ایک اہلکار نے بتایا کہ متوفی کی شناخت راتھر پورہ دلنہ کے رہنے والے26سالہ رئیس احمد میر کے طور پر کی گئی ہے اور اسے مسجد راتھر پورہ دلنہ کے قریب مردہ پایا گیا تھا۔لاش کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اسے طبی اور قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا۔پولیس نے نعش کا پوسٹ مارٹم کرایا اور ضروری طبی وقانونی لوازمات کے بعد نعش لواحقین کے سپردکی گئی جبکہ ، ایک کیس درج کر لیا گیا ہے اور موت کی وجہ کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات کی جا رہی ہے۔
اس دوران کولگام کے ایک23سالہ نوجوان کی لاش ٹنگمرگ کے ہوٹل سے برآمدہوئی ۔معلوم ہواکہ ٹنگمرگ علاقے میں منگل کو ایک ہوٹل کے اندرنوجوان مردہ پایا گیا۔حکام نے بتایا کہ مرنے والے کی شناخت حاذق ریاض ولدریاض احمدکے طور پر کی گئی ہے جو کہ لارکی پورہ کولگام کا رہنے والا ہے۔ معلوم ہواکہ حاذق ریاض اپنے کچھ دوستوں کیساتھ پیرکو یہاں پہنچاتھا اورانہوں نے ہوٹل میں چیک ان کیا تھا اور کل رات سے وہیں ٹھہرا ہوئے تھے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن ٹنگمرگ کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور معاملے کا نوٹس لیا۔ بعد ازاں لاش کو قانونی کارروائی کیلئے سب ڈسٹرکٹ اسپتال ٹنگمرگ منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔اس دوران پلوامہ ضلع کے ایچگوزعلاقے میں منگل کو ریت کے نیچے دب جانے سے ایک شخص کی جان چلی گئی جبکہ دوسرے کی حالت نازک ہے۔حکام نے زخمیوں کی شناخت نیو کالونی پکھر پورہ کے رہائشی ارشد احمد میر اور باسط شیخ جو کہ نیو کالونی پکھر پورہ کے رہائشی ہیں، دونوں کی عمریں بیس سال کے درمیان ہیں۔یہ دونوں مبینہ طور پرایچگوزا، رومشو میں ریت کے نیچے دب گئے تھے، جس کے نتیجے میں متعدد شدید زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انہیں پی ایچ سی کیلر لے جایا گیا اور بعد میں انہیں جدید علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سری نگر ریفر کیا گیا۔تاہم ارشد احمد میر علاج کے دوران ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ متعلقہ حکام کی ہدایت پر طبی اور قانونی ضابطے کی تکمیل کے بعد لاش اس کے قانونی ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔دوسرے زخمی کی حالت تشویشناک ہے جب کہ پولیس نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔ادھرکپوارہ کے کلا روس علاقے میں منگل کی شام دیر گئے سرکلی علاقہ میں سڑک حادثے میں ایک راہگیر لقمہ اجل۔اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک لوڈ کیرئیر (407) جسے فاروق احمد خان ولد حبیب اللہ خان پرے پورہ کلا روس چلا رہا تھا، نے ایک راہگیر کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں شہری شدید طور زخمی ہوئے۔مقامی۔لوگوں نے اگرچہ انہیں اسپتال لے جانے کی کوشش کی تاہم وہ زخموں کی تاب نا لاکر دم توڑ بیٹھا۔مقتول کی شناخت محمد اسرائیل چیچی ولد لال دین ساکن سر کلی کے طور پر ہوئی۔ اس واقعے میں گاڑی کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے اور اس کا طبی مرکز میں علاج جاری ہے۔