جموں//چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ملک کے دیگر حصوں سے ریل گاڑیوں کے ذریعے لائے جا رہے جموں کشمیر کے درماندہ لوگوں کیلئے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر چیف سیکریٹری نے کہا کہ جموں ریلوے سٹیشن پر اترنے والے درماندہ لوگوں کی کووڈ 19 وباء کیلئے جاری لازمی پروٹوکول اور انتظامی رہنما خطوط کے تحت طبی جانچ لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے یہاں آنے والے مسافروں کیلئے ٹیسٹنگ اور کورنٹین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامات کئے ہیں ۔ جموں ریلوے سٹیشن پر مسافروں کی رجسٹریشن یقینی بنانے کیلئے ریلوے پلیٹ فارم پر اُن کی ضروری تفصیلات درج کرنے کیلئے ڈیٹا انٹری اوپریٹروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ مسافروں کو ریل گاڑیوں سے اترتے وقت سماجی دوری قواعد پر عمل پیرا رہنا ہو گا اور کووڈ19 وباء کے مزید پھیلاؤ پر روک لگانے کیلئے جاری تمام رہنما خطوط اور قواعد و ضوابط کی عمل آوری یقینی بنانی ہو گی ۔
درماندہ کشمیریوں کی واپسی
ضروری اقدامات کئے جائیں:کانگریس
سرینگر//جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ مختلف ریاستوں میں درماندہ کشمیریوں کی واپسی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔جے کے پی سی سی کے سابق صدرپیرزادہ محمد سعید اور سابق وزیر تاج محی الدین نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ انتظامیہ کو درماندہ کشمیریوں کی گھر واپسی کے تئیں ہمدردانہ رویہ اختیار کرلینا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں جو مختلف ریاستوں کے مزدور مقیم ہیں اُن کی واپسی کیلئے بھی کوشش کی جانی چاہئے۔دونوں لیڈران نے درماندہ کشمیریوں کو پیش آرہے مشکلات پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہی حال یہاں پھنسے مزدوروں کا بھی ہے ،وہ مومنٹ پاس حاصل کرنے کیلئے در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔بیان کے مطابق انتظامیہ نے جو نوڈل افسران درماندہ کشمیریوں کے مسائل سننے اور انہین حل کرنے کیلئے مقرر کئے ہیں ،وہ کسی فون کالا کا جواب نہیں دے رہے ہیں۔انہوں نے غیر مقامی مزدوروں کیلئے پاس اجراء کرنے کا معاملہ آسان بنانے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ اپنے اپنے مقامات تک بحفاظت پہنچ سکیں۔