جموں //کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کی وجہ سے جموں اور سرینگر میں بیک وقت دفاتر چلائے جانے کافیصلہ لیاگیاہے اور محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے اس سلسلے میں ای آفس پلیٹ فارم کا استعمال کیاجائے گاتاکہ اطلاعات کی آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ فراہمی ہوسکے۔محکمہ کے کمشنر سیکریٹری اجیت کمار ساہوکاکہناہے’’پی ایچ ای کو مکمل طور پر ای آفس پلیٹ فارم میں منتقل کردیاگیاہے اور ہمارے دفاتر کسی بھی جگہ سے آسانی سے چل سکیں گے ، ہم نے ہر ایک رسائی کیلئے ہر طرح کے انتظامات کئے ہیں‘‘۔انہوںنے کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ مرکزی دفتر کی طرف سے ایسا پلیٹ فارم تیار کیاگیاہے جس کی مدد سے کسی بھی آفیسر کوکہیں سے بھی متعلقہ فائل تک رسائی رہے گی ،چاہے وہ گھر میں ہو یا سیول سیکریٹریٹ میں ۔انہوں نے بتایاکہ فائل مومنٹ میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی ۔محکمہ نے اپنے افسران اور ملازمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ صفائی ستھرائی کو برقرار رکھیں اور میٹنگیں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقد کی جائیں جبکہ دفتری معاملات ای میل کے ذریعہ متعلقہ دفتر تک پہنچائیں۔ ہدایات کے مطابق فائلوں اور دستاویزات کو بھیجنے سے گریز کیاجائے بلکہ انٹرنیٹ اور ای میل کا استعمال کیاجائے ۔ساتھ ہی بتایاگیاہے کہ دفتر میں صرف اسے ہی ملنے کیلئے آنے دیاجائے جس کے پاس باضابطہ اجازت نامہ ہو اور اس کی مناسب سکریننگ ہوئی ہو ۔ملازمین اورافسران سے کہاگیاہے کہ وہ سماجی دوری کو قائم رکھیں۔