گاندربل//ارشاداحمد//ددریم باغ گاندربل میںدادا اور پوتے سمیت تین افراد کو زخمی کرنے والے قوی الجثہ ریچھ کوزندہ پکڑجانے کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ددریم باغ گاندربل کے نزدیک ایک نرسری میں گزشتہ تین دن سے ایک ریچھ چھپابیٹھاتھاجس نے اب تک دادا پوتے سمیت تین افراد پر حملہ کرکے انہیں شدیدزخمی کردیاتھا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بستی کے قریب محکمہ جنگلات کی نرسری قائم ہے جس میں گزشتہ تین روز سے یہ بھاری بھرکم ریچھ چھپابیٹھاتھا۔ریچھ نے30اکتوبر کو25برس کے جوان بشیراحمدشیخ پرحملہ کرکے اُسے شدیدزخمی کردیا تھا۔پیر کے روزاس نے بستی میں گھس کر 9 سالہ فرہان احمد خان ولد جاوید احمد اور اس کے دادا فاروق احمد خان ولد اکبر خان پر حملہ کرکے دادا پوتے کو زخمی کر دیا۔اس موقع پر محکمہ جنگلی حیات اور پولیس کو اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر جنگلاتی نرسری سے ریچھ کو بے ہوشی کا انجکشن مارکر اپنے تحویل میں لے کر داچھی گام نیشنل پارک منتقل کردیا۔ اس طرح گزشتہ تین روز سے علاقہ میں خوف و ہراس کا ماحول قائم کرنے والے ریچھ کو پکڑ کر علاقہ کے لوگوں نے راحت کی سانس لی۔