رمیش کیسر
نوشہرہ// نوشہرہ کے گاؤں دبڑ میں پینے کے صاف پانی کی قلت کا وہاں کا عوام کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے محکمہ پی ایچ ای لوگوں کو پانی دینے میں ناکام ثابت ہو رہا ہے۔لوگوں نے بتایا کہ ان کے گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی گزشتہ ایک مہینے سے متواتر ٹھپ ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں کنبہ جات کو پانی کی قلت سے پریشان ہونا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہیں سال میں محض تین یا چار مہینے ہی پانی محکمہ کی طرف سے دیا جاتا ہے، محکمہ کے ملازمین اور افسران بار بار موٹر خراب ہونے کا رونا روتے رہتے ہیں۔ لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے انہیں پانی دستیاب نہیں ہو رہا ہے ۔انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ حکام کو سوموار تک کا الٹی میٹم دیتے ہیں کہا کہ اگر پانی کی سپلائی اس مدت کے دوران بحال نہ کی گئی تو وہ پیر کے روز سڑک بند کر محکمہ کے خلاف احتجاج کریں گے۔ اس ضمن میں جب محکمہ پی ایچ ای کے متعلقہ جونیئر انجینیئر سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ موٹر خراب ہونے کی وجہ سے پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، سوموار کو موٹر وہاں پر نصب کی جائے گی اور پانی کی سپلائی بحال کر دی جائے گی۔