بانڈی پورہ+گاندربل//داچھی گام اور کلوسہ بانڈی پورہ کی وسیع آبادی کو بغیر فلٹر پینے کاپانی سپلائی ہورہا ہے جس کی وجہ سے مہلک بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خدشہ ہے ۔داچھی گام اور کلوسہ کے لوگوں نے منی سیکریٹریٹ کے احاطے میں بتایا کہ جل شکتی محکمہ کلوسہ اور داچھی گام کے لوگوں کوناصاف پانی سپلائی کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹ عرصہ دراز سے بیکارہیں جس کے نتیجے میں عوام کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔لوگوں نے بتایا کہ آرم پورہ سنرونی میں قائم پرانا فلٹریشن پلانٹ بھی بیکار پڑا ہے جبکہ نیا تعمیر شدہ فلٹریشن پلانٹ سے بھی پانی فلٹر نہیں ہورہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد سے اپیل کی کہ ان وسیع آبادی والے علاقوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ادھرولی وار کے متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کے نتیجے میں لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ وتہ لار میں موٹر پمپ کے ذریعہ پانی کو ولی وار فلٹریشن پلانٹ سے متعدد علاقوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاتا ہے لیکن چار ہفتہ قبل وتہ لار کے مقام پر موٹر پمپ اچانک خراب ہوگیا جس کے سبب ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی کو پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔جن علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے ان میں ڈار محلہ ، چیچی محلہ ، میر محلہ اور چودھری محلہ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔مقامی شہری منظور احمد خان نے بتایا کہ چار ہفتے قبل وتہ لار کے مقام پر موجود موٹر پمپ خراب ہونے سے انہیں دور دور سے پانی لاکر کھانے پینے اور دیگر ضرورتوں کیلئے استعمال کرناپڑتا ہے جبکہ ولی وار پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے پانی کا ٹینکر بھی نہیں منگوایا جاسکتا ہے جس کی وجہ سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔جل شکتی محکمہ نے اس ضمن میں کہا کہ انہوں نے موٹر پمپ کو ٹھیک کرنے کے لئے ٹینڈر نکالنے ہیں جس کے بعد ہی اُسے ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال نے اس سلسلے میںکہا کہ موٹر پمپ فوری طور ٹھیک کرکے پانی کی سپلائی بحال کردی جائے گی۔