گول//گول علاقہ کے داچھن پنچایت سی میں محکمہ دیہی ترقی بلاک گول کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ آف رورل سینی ٹیشن جموں کی ہدایت پر ایک جانکاری کیمپ کا اہتمام ہوا جس میں علاقہ کے معزز شہریوں کے علاوہ آشا ورکروں اور آنگن واڑی ورکروں نے بھی حصہ لیا ۔ پروگرام کی صدارت ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر رام بن طارق سید سہروردی نے کی جبکہ اس کا اہتمام پنچایت سکریٹری فاروق احمد نے کیا ۔ پروگرام میں سوچھ بھارت مشن سے متعلق لوگوں کو مفصل جانکاری دی ۔پروگرام میں محکمہ دیہی ترقی کے بہت سارے ملازمین نے شرکت کی ۔ ڈی پی او طارق سید سہر وردی نے اس موقعہ پر لوگوں کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ایس بی ایم کی جانب سے جو لوگوں کو رقم دی جاتی ہے وہ بطور امداد ہے اور لوگوں کو چاہئے کہ وہ گھروں کے آس پاس صفائی وستھرائی کا خیال رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں ہمیں صرف بیت الخلاء پر ہی نظر نہیں رکھنی چاہئے بلکہ مال مویشی کی جانب سے جو گندگی پڑتی ہے اُس کا بھی خاص خیال رکھیں کیونکہ گندگی صرف انسان ہی نہیں بلکہ جانور بھی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گھر کے آس پاس گندگی نہ پڑنے دیں اور نالیوں میں جمع گندگی کو بھی صاف کریں اور برسات کے دوران مچھروں کو بھی پنپنے نہ دیں اور گڈوں میں جمع پانی نہ رہنے دیں جس سے مچھر پیدا ہوتے ہیں ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی صفائی کا خیال رکھیں اور اس طرح سے پورا علاقہ صاف رہے گا اور علاقہ صاف رہے گا تو پورابھارت صاف رہے گا۔ انہوں نے شرکا کو صفائی کی شروعات پہلے گھر سے کریں ۔