نئی دہلی//یو این آئی// ازہر ہند دارالعلوم دیوبند کے سینئر استاذِ حدیث ومعاون مہتمم، جمعیۃ علماء ہند کے صدر، امیرشریعت اور شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنیؒ کے داماد مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری کا کل یہاں مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ وہ گزشتہ پندرہ دنوں سے بیمارتھے اور گوڑگاَؤں کے ایک پرائیویٹ میں زیر علاج تھے اور وہیں ان کا انتقال ہوا۔ان کے انتقال کی وجہ سے علمائے دیوبند، دارالعلوم دیوبند اور جمعیۃ علمائے ہند کا عظیم خسارہ ہوا ہے جس کی تلافی مشکل نظر آرہی ہے ۔ صدرجمعیۃعلمائے ہند وصدرالمدرسین دارالعلوم دیوبند مولانا سیدارشدمدنی نے تعزیتی بیان میں مولانا قاری عثمان کے انتقال پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ چند مہینوں میں دارالعلوم دیوبند کے بڑے بڑے اساتذہ ہمیں چھوڑکر چلے گئے اورافسوس آج قاری عثمان صاحب بھی داغ مفارقت دے گئے ۔مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ وآندھرا پردیش نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ امیر الہند رحمتہ اللہ علیہ،پلند پایہ عالم دین، دنیا کی عظیم دینی درسگاہ دارالعوام دیوبند کے محدث،اور ملک کی سب سے قدیم تنظیم ہر نازک موڑ پر ملت اسلامیہ کی رہبری ورہنمائے کا فریضہ انجام دینے والے جماعت جمعیتہ علماء ہند کے صدر تھے،تواضع آپ کی پہچان تھے، چلن میں متبع سنت، لباس میں صاف ستھرائی کا عنصر ہمیشہ غالب رہتا،ہمارے اکابرین نے ملک کی دینی درسگاہ دارالعوام کے عظیم مناصب کیلئے آپ کا انتخاب فرمایا تھا۔