اُجین // اتر پردیش کے بدنام زمانہ گینگسٹر وکاس دوبے کو کل مدھیہ پردیش کے اُجین سے گرفتار کیا گیا۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دوبے کو یہاں مہاکال پولیس چوکی علاقہ سے گرفتار کیا گیا ۔ مدھیہ پردیش پولیس نے اسے اپنی گرفت میں لے کر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔کچھ دن قبل اتر پردیش میں پولیس کے آٹھ اہلکاروں کے قتل کے بعد سے وہ فرار تھا اور اتر پردیش پولیس اس کی جگہ جگہ تلاش کر رہی تھی۔ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے بھی وکاس دوبے کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق وکاس دوبے کو صبح یہاں مہاکال تھانہ حلقے میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مبینہ طور پر مہاکال مندر میں درشن کے لیے جا رہا تھا۔ گرفتاری کے بعد پولیس اہلکار جب اسے گاڑی میں بٹھا رہے تھے تو اس وقت وہ بھیڑ سے مخاطب ہو کرکہہ رہا تھا،‘میں ہوں وکاس دوبے کانپور والا’۔ اس کی گرفتاری کی ویڈیو فوراً وائرل ہو گئی۔ اس دوران وکاس کے کچھ ساتھیوں کو بھی حراست میں لینے کی اطلاع آئی تھی لیکن سینیئر پولیس افسران نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے ۔ سینیئر پولیس افسران کا کہنا ہے کہ وکاس دوبے سے یہاں پولیس افسر خود ہی پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ وہیں اس کی اطلاع اتر پردیش پولیس کو دے دی گئی ۔