محمد بشارت
راجوری//بابیلا راکوال (جے کے اے ایس)، کمشنر سیکریٹری کوآپریٹوز کی رہنمائی میں جموں و کشمیر ڈیری کوآپریٹو فیڈریشن لمیٹڈ (JKDCF) کی جانب سے بلاک خواس میں واقع خواس ایف پی او کوآپریٹو لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے لئے ایک جامع آگاہی کیمپ منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام نیشنل کوآپریٹو ڈیولپمنٹ کارپوریشن اورجے کے ڈی سی ایف کے باہمی اشتراک سے منعقد ہوا جس کا بنیادی مقصد کوآپریٹو اداروں کو مستحکم بنانا، سرکاری اسکیموں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا اور پائیدار دیہی ترقی کو فروغ دینا تھا۔کیمپ کے دوران محمد فاروق انقلابی، ڈائریکٹر جے کے ڈی سی ایف نے ایف پی او کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کوآپریٹو تحریک کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو ادارے نہ صرف کسانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ڈیری و دیگر متعلقہ شعبوں کو فروغ دینے میں بھی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اراکین کو مختلف سرکاری اسکیموں سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی تاکہ دیہی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔اس موقع پر ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹوز راجوری عدنان راودر نے بھی پروگرام میں شرکت کی اور کوآپریٹو اداروں میں شفافیت، جوابدہی اور اراکین کی فعال شمولیت پر زور دیا۔ دیگر معزز افسران میں اسسٹنٹ رجسٹرار (ہیڈکوارٹر) نصیر چوہدری، انسپکٹرآزاد ملک اور سپروائزر ظہیر اقبال شامل تھے جنہوں نے کوآپریٹو قوانین، مالی نظم و ضبط اور ایف پی اوز کے مؤثر انتظام سے متعلق قیمتی معلومات فراہم کیں۔پروگرام کی صدارت چیئرمین ایف پی او عبدالرشید نے کی جبکہ سیکریٹری ایف پی او منظور حسین نے انتظامی امور کی نگرانی کی۔ شرکاء نے اس آگاہی کیمپ کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے پروگرام نچلی سطح پر کوآپریٹو اداروں کو مضبوط بنانے اور دیہی علاقوں کی ہمہ جہت ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔کیمپ کے اختتام پر سوال و جواب کا ایک خصوصی سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں اراکین کے مختلف سوالات کے تسلی بخش جوابات دئیے گئے۔