عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن اور بی جے پی رہنما درخشاں اندرابی نے خواتین کے لیے پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں ریزرویشن کو ایک تاریخی اور حوصلہ افزا قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کی خواتین کے لیے ایک خواب کی تعبیر ثابت ہوگا۔درخشاں اندرابی نے پیر کے روز ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو قانون سازی کے عمل میں شراکت دار بنانا ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں توسیع اسی مقصد کے تحت کی گئی ہے تاکہ 2023 میں منظور کیے گئے قانون کے مطابق لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کو 2029 سے نافذ کیا جا سکے۔اطلاعات کے مطابق پارلیمنٹ 16 اپریل کو مختصر وقفے کے بعد دوبارہ اجلاس منعقد کرے گی، جس میں لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 543 سے بڑھا کر 816 کرنے سے متعلق بل پیش کیے جائیں گے تاکہ خواتین کے لیے ریزرویشن کے قانون کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جا سکے۔درخشاں اندرابی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 برسوں میں جو ممکن نہ ہو سکا، وہ گزشتہ 11 برسوں میں ممکن بنایا گیا ہے اور مستقبل میں اسمبلیوں اور پارلیمنٹ میں خواتین اراکین کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔