عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی//عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر’آبنائے ہرمز‘کی صورتحال بہتر نہ ہوئی اور مشرق وسطی میں کشیدگی برقرار رہی تو’برینٹ کروڈ کی قیمت 120ڈالر فی بیرل ‘تک پہنچ سکتی ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت، مہنگائی اور صارفین پر پڑ سکتے ہیں۔23 جولائی کو برینٹ کروڈ کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گئی، جبکہ 24 جولائی کو معمولی کمی کے باوجود قیمت تقریبا 100 ڈالر فی بیرل کے آس پاس رہی۔
ٹریڈبلز سیکیورٹیز کے سینئر کموڈیٹی ریسرچ اینالسٹ بھاوک پٹیل کے مطابق خام تیل کا قلیل مدتی رجحان تیزی کی جانب ہے۔ بحیرہ احمر کے راستے میں رکاوٹوں اور آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہازوں کی آمد و رفت متاثر ہونے سے عالمی سپلائی پر دبا بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حالات میں جلد بہتری نہ آئی تو برینٹ کروڈ 120 ڈالر فی بیرل تک جا سکتا ہے۔ بحیرہ اسود میں روسی جہازوں پر حملوں نے بھی عالمی تیل مارکیٹ میں خدشات میں اضافہ کیا ہے۔مختلف عالمی رپورٹوں کے مطابق آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر کے راستوں میں رکاوٹ سے روزانہ لاکھوں بیرل خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے۔