جانچ میں تیزی، 170نمونے لیبارٹری بھیج دئے گئے
سرینگر//فوڈ اینڈ ڈرگز ایڈمنسٹریشن ، جموں و کشمیر نے صارفین کو معیاری اور محفوظ دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے مقصد سے پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دودھ اور دودھ سے تیار مصنوعات کے حوالے سے خصوصی نفاذی مہم چلائی۔ اس دوران فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف اضلاع میں 213 رٹیل دودھ فروشوں کا معائنہ کیا اور دودھ کے 170 نمونے معیار اور غذائی تحفظ کے مقررہ پیمانوں کی جانچ کے لیے حاصل کیے۔بیان کے مطابق یہ نمونے جموں، سانبہ، پونچھ، راجوری، ریاسی، ادھم پور، کٹھوعہ، سرینگر، اننت ناگ، بانڈی پورہ، بڈگام، گاندربل، کپوارہ، شوپیان، کولگام اور پلوامہ کے مختلف علاقوں سے جمع کیے گئے۔ اس کے علاوہ دیگر حساس غذائی اشیا کے بھی 10 نمونے معیار اور غذائی تحفظ کی جانچ کے لیے حاصل کیے گئے۔
فوڈ اینڈ ڈرگز ایڈمنسٹریشن نے کہا کہ دودھ اور دودھ سے تیار مصنوعات چونکہ جلد خراب ہونے والی اور روزمرہ استعمال کی اہم غذائی اشیا ہیں، اس لیے انہیں محکمہ کی نگرانی اور نفاذی سرگرمیوں میں خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس خصوصی مہم کا مقصد بازار میں دستیاب دودھ اور دودھ کی مصنوعات کے معیار اور حفاظت پر مؤثر نگرانی برقرار رکھنا ہے۔محکمہ کے مطابق کارروائی کے دوران فوڈسیفٹی اینڈ سٹنڈارڑ ایکٹ2026کی دفعہ 69 کے تحت تین فوڈ بزنس آپریٹرس (FBOs) کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ علاوہ ازیں، صفائی اور حفظانِ صحت سے متعلق خامیوں کی نشاندہی پر پانچ فوڈ بزنس آپریٹرز کو نوٹس جاری کیے گئے تاکہ وہ مقررہ معیار کے مطابق ضروری اصلاحات کریں۔فوڈ اینڈ ڈرگز ایڈمنسٹریشن نے واضح کیا کہ اس نوعیت کی خصوصی معائنہ اور سیمپلنگ مہمات آئندہ بھی پورے جموں و کشمیر میں جاری رہیں گی، خصوصاً گوشت اور گوشت سے تیار مصنوعات، مٹھائیوں، بیکری مصنوعات اور دیگر حساس غذائی اشیا کے سلسلے میں۔ محکمہ نے کہا کہ غذائی تحفظ کے مقررہ معیارات کی خلاف ورزی کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف فوڈ سیفٹی اینڈ سٹنڈارڑ ایکٹ 2026 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ دودھ اور دودھ سے تیار مصنوعات خریدتے وقت احتیاط برتیں اور اگر کسی غیر محفوظ، ملاوٹ شدہ یا غیر معیاری غذائی شے کے بارے میں شبہ ہو تو اس کی اطلاع ٹول فری ہیلپ لائن 104 یا محکمہ کی ای میل کے ذریعے فوری طور پر دیں۔