یواین آئی
نئی دہلی/تین بار کی اولمپین خواتین پہلوان وینیش پھوگاٹ نے جمعہ کے روز کشتی سے ریٹائرمنٹ لینے کے اپنے فیصلے کو واپس لے لیا ہے ۔ پھوگاٹ نے ایک جذباتی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کا ہدف لاس اینجلس 2028 اولمپکس میں حصہ لینا ہے ۔گزشتہ سال وینیش پھوگاٹ نے پیرس 2024 اولمپکس کے فوراً بعد ریٹائرمنٹ لے لیا تھا، ٹھیک ایک دن بعد جب انہیں سونے کے میڈل کے مقابلے کے لیے وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے غیر اہل قرار دیا گیا تھا۔ونیش پھوگاٹ فائنل سے باہر ہونے سے سخت مایوس تھیں۔ چنانچہ انہوں نے عجلت میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ تاہم اب انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے ۔پھوگاٹ نے آج سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، “لوگ مجھ سے پوچھتے رہے کہ کیا پیرس میرے کیریئر کا اختتام ہے ۔ طویل عرصے تک میرے پاس اس کا جواب نہیں تھا۔ مجھے میٹ سے ، دباؤ سے ، توقعات سے ، یہاں تک کہ اپنی امنگوں سے بھی دور ہٹنے کی ضرورت تھی۔ اتنے سال میں پہلی بار، میں نے خود کو سانس لینے کی آزادی دی۔”انہوں نے کہا، “میں نے اپنے سفر کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے وقت لیا، اونچائیوں، دل ٹوٹنے کے لمحوں، قربانیوں اور ان پہلوؤں کو سمجھا جنہیں دنیا نے کبھی نہیں دیکھا۔ اور اسی خود احتسابی میں مجھے حقیقت کا پتہ چلا، کہ مجھے اب بھی اس کھیل سے محبت ہے ۔ میں اب بھی مقابلہ کرنا چاہتی ہوں۔”