پونچھ//جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی ۔ اے میر نے کہا ہے کہ مرکز میںڈاکٹر من موہن سنگھ کی قیادت میں قائم سابق یو پی اے حکومت کے 10 سالہ دور اقتدارمیں سرحدوں پر عام طور سے امن و امان رہا اور جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بہت کم ہوئیںجس کے نتیجہ میں سرحدوں کے قریب رہائش پذیر لوگ امن و سکون کے ساتھ رہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کے عوام کو یہ کہہ کر گمراہ کر رہے ہیں کہ یو پی اے کے دور اقتدار میں پاکستان کی جانب سے سرحد کے اس پار سے گولہ باری کی وجہ سے عام لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ میر نے کہا کہ وزیراعظم غلط بیانی کرکے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں مگر سچائی کو چھپایا نہیں جاسکتا ہے ۔میر نے کہا کہ سرحدوں کی جو ابتر حالت اس وقت ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی انہوں نے کہا کہ پاکستان کی گولہ باری کی وجہ سے سرحدوں کے قریب رہائش پذیر لوگوں کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ جی اے میر نے ان خیالات کا اظہار پونچھ میں کانگریس کی ایک بھاری ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس دوران جی اے میرکے ہمراہ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی شام لال شرما اور سینئر لیڈر رمن بھلہ بھی تھے۔ اس دوران کانگریس پونچھ اکائی کی جانب سے ایک عوامی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کارکنان اور لیڈران اور عوام نے شرکت کی۔اس موقعہ پرمیر نے کہا کہ اگر حکومت واقعی ریاست میں پنچائت انتخابات کرانے میں سنجیدہ ہے تو اسے چاہیئے کہ وہ آل پارٹی میٹنگ طلب کرے اور وزیر اعلیٰ خود اس میٹنگ کی صدارت کرے کیونکہ ان کے پاس ہوم منسٹر اور محکمہ الیکشن کا چارج بھی ہے۔ اس دوران غلام احمد میر اورنائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی شام لال شرما نے ریاستی اور مرکزی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور ریاستی سرکار پوری طرح ناکام ثابت ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سالوں میں ٹتھ وال سے لے کر پونچھ تک کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں ہو رہا ہے بلکہ زبانی دعوی کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے کسی بھی خطہ میں حکومت نام کی کوئی چیز ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پارلیمانی انتخابات کے دوران عوام سے بڑے بڑے دعوے کئے تھے وہ جس حد تک پورے کئے ہیں عوام اس بارے میں بہتر جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جب کہ پارلیمانی انتخابات پھر سے قریب آرہے ہیں "بھائیو بہنو" والی سیاست پھر سے نہتے عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے یہاں گردش کر رہی ہے لیکن عوام کو اب ایسے لوگوں کے بھائی بہن بننے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی اب جموں کشمیر کی عوام بے وقوف بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے درجنوں لیڈران کا ساتھ لے کر پر ضلع میں جاکر اجلاس منعقد کرنے کا مقصد عوام میں لیڈران۔کی مقبولیت کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہی حکومت کو بدل سکتی ہے اور ان سے ہی مینڈیٹ کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ سینئر لیڈر رمن بھلہ نے اس دوران خطاب کرتے ہوئے پارٹی کارکنان اور لیڈران سے آپسی صفوں میں اتفاق و اتحاد قائم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو مظبوط بنانے کی اپیل کی۔ اس اجلاس کے دوران شاہ نواز چوہدری، ضلع صدر کانگریس پونچھ ایڈوکیٹ راجندر سنگھ، سینئر لیڈر تاج میر، سینئر لیڈرچوہدری عبدالغنی، کرشن سنگھ اول، نعیم میر، عاشق حسین، مرتضے خان، جنک سنگھ، پروین سرور خاں، سنجیو کمار وکی، ابینؤ شرما، گلزار جٹ اور کئی پارٹی کارکنان نے بھی خطاب کیا۔