نئی دہلی//وزارت زراعت نے بدھ کے روزمرکز کے زیر انتظام علاقوں کی ایک کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں مرکزکے زیر انتظام علاقوں میں زرعی ترقی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ مرکزی حکومت زراعت کے شعبے کی مجموعی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور اس کے مطابق اس طرح کی کئی اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں ، جن کا کبھی تصور بھی نہیں کیا گیا تھا۔ ایک لاکھ کروڑ روپے کے فنڈ کے ساتھ حکومت کسانوں کے کھیتوں کے نزدیک انفراسٹرکچر بنانے کے لیے کھڑی ہے ۔ ملک بھر کے گاؤں گاؤں اور کھیتوں کے پاس تک انفراسٹرکچر بن جانے سے کسان اپنی پیداوار کو کچھ عرصے کے لیے روک کر بعد میں اسے مناسب قیمت پر فروخت کر سکیں گے ۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ، انڈومان اور نکوبار کے لیفٹیننٹ گورنر ڈی کے جوشی ، لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر رادھا کرشن ماتھور ، وزیر مملکت برائے زراعت کیلاش چودھری اور محترمہ شوبھا کرندلاجے ، سکریٹری سنجے اگروال ، مرکزکے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹری ، پرنسپل سیکرٹری ، زراعت کمشنر ، دیگر سینئر افسران اور ترقی پسند کسانوں نے بھی شرکت کی۔