راجوری //سرحدی ضلع راجوری او ر پونچھ میں ملی ٹینسی سے متعلقہ ہوئی تازہ سرگرمیوں کے بعد دونوں سرحدی اضلاع میں سیکورٹی انتظامات سخت کر دئیے گئے ہیں ۔گزشتہ دنوں راجوری ضلع کے سرحدی علاقوں میں ملی ٹینٹوں کی جانب سے کئی مرتبہ در اندزی کی کوششیں کی گئی جس کے بعد کئی ایک مقامات سے مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج نے تلاشی کارروائیاں بھی شروع کی ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ہوئی تازہ پیش رفت کے بعد دونوں سرحدی اضلاع میں سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے جبکہ حد متارکہ کے نزدیکی علاقوں میں فوج کو پوری طرح سے متحرک کردیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نوشہرہ اور سندر بنی علاقوں کی سرحدی علاقوں میں ملی ٹینٹوں کی جانب سے تازہ دراندزی کی کوششیں کی گئی ہیں جبکہ اس طرح کی سرگرمیوں کیساتھ نمٹنے کیلئے سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نوشہرہ میں فوج نے در اندزی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک ملی ٹینٹ کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ سندر بنی میں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ان دونوں واقعات کے بعد دونوں سرحدی اضلاع میں تمام خارجی اور داخلی پوئنٹس کیساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں سیکورٹی اور چیکنگ عمل کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ راجوری اور پونچھ کے کئی ایک دیہا ت اس سے قبل میں دراندزی کیلئے مشہور ہیں جن کو دیکھتے ہوئے مذکورہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔