سمت بھارگو+رمیش کیسر
راجوری//لائن آف کنٹرول پر تعینات فوج نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور سرحد پار سے داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کے ایک گروہ کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ واقعہ ناتھوا ٹبہ کے علاقے میں پیش آیا جو فوج کے سندربنی سیکٹر کے دائرہ اختیار میں آتا ہے جبکہ انتظامی طور پر یہ علاقہ ضلع جموں کی اکھنور سب ڈویژن کے کھوڑ پولیس اسٹیشن کے تحت واقع ہے۔فوج کی جانب سے جاری سرکاری بیان کے مطابق 19 فروری کی علی الصبح خفیہ اطلاعات اور مسلسل نگرانی کے دوران ناتھوا ٹبہ، سندربنی کے عمومی علاقے میں دہشت گردوں کی مشکوک نقل و حرکت محسوس کی گئی۔ اطلاع ملتے ہی الرٹ فوجی دستوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مؤثر اور منظم فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔فوجی حکام نے بتایا کہ کارروائی نہایت پیشہ ورانہ انداز میں انجام دی گئی جس کے بعد دہشت گردوں کو واپس بھاگنے پر مجبور ہونا پڑا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں مکمل نگرانی برقرار رکھنے کیلئے فوجی دستوں کو دوبارہ مؤثر انداز میں تعینات کیا گیا ہے اور زمینی و فضائی نگرانی کے مربوط نظام کے ذریعے پورے علاقے پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔فوج کے مطابق سیکٹر میں اس وقت آپریشنل الرٹ کی بلند ترین سطح برقرار رکھی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا دوبارہ دراندازی کی کوشش کو فوری طور پر ناکام بنایا جا سکے۔ واقعہ کے بعد پورے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی مشتبہ عنصر بھارتی حدود میں داخل نہ ہو سکا ہو۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں سرحدی علاقوں میں نگرانی مزید سخت کی گئی ہے اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں مسلسل چوکس ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ سرحدی علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گردی کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کیلئے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔