ڈھاکہ/بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے قومی سلیکشن کمیٹی میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے سابق کپتان حبیب البشر کو نیا چیف سلیکٹر مقرر کر دیا ہے ۔بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بورڈ نے سلیکشن کے نظام کو مزید مستحکم کرنے کے لیے نئی چار رکنی کمیٹی کا اعلان کیا ہے ۔بنگلہ دیش کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی میں نعیم اسلام اور نادف چوہدری شامل کیے گئے ہیں جبکہ 4 رکنی کمیٹی میں حسیب الحسین کو برقرار رکھا گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نئے چیف سلیکٹر کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کے عہدے کی معیاد 2027ء ون ڈے ورلڈ کپ تک ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس نئی کمیٹی کو طویل مدتی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ حبیب البشر کی سربراہی میں یہ پینل 2027ء کے ون ڈے ورلڈ کپ تک کام جاری رکھے گا، جس کا مقصد میگا ایونٹ کے لیے ایک مضبوط اور متوازن ٹیم تیار کرنا ہے ۔ حبیب البشر کا وسیع تجربہ بنگلہ دیشی کرکٹ میں نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے انتہائی معاون ثابت ہونے کی توقع ہے ۔