جموں //ڈوگرہ صدر سبھا اور آل جموں سیول سوسائٹی نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ دنوں جموں صوبہ کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کر نے والے افراد کی نشاندہی کر کے ان کو جلداز جلد گرفتار کیا جائے ۔اس سلسلہ میں ڈوگرہ صدر سبھا کی جانب سے گل چین سنگھ چاڑک کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد ہو ا جس میں سبھا کے علا وہ آل جموں سیول سوسائٹی کے متعدد اراکین نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران اراکین نے تمام مذہبی ،سیاسی اور سماجی تنظیموں کے علا وہ وکلاء تنظیموں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ آپسی ہم آہنگی اور امن و بھائی چارے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔اراکین نے کہاکہ صوبہ جموں میں باہر سے آئے ہوئے افرادحالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ جموں میں عوام صدیوں سے چلی آرہی آپسی بھائی چارے کی روایت کو قائم رکھے ہوئے ہیں ۔اپنے خطاب میں اراکین نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پلوامہ واقعہ کے بعد جموں میں حالات کو خراب کرنے والے عناصر کی نشاندہی کر کے کاروائی عمل میں لائے تاکہ امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر نے والے دوبارہ ایسی کوشش نہ کر سکیں ۔اس اجلاس کے دوران اراکین نے پلوامہ فدائین حملے کے مہلوکین کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔اس اجلاس میں کرنل کرن سنگھ جنرل سیکریٹری ،پریم ساگر گپتا ،بریگیڈیر ایم ایس جموال ودیگران بھی موجود تھے ۔