عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور//ضلع ترقیاتی کمشنر ادھم پور منگا شیرپا اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ادھم پور۔ریاسی رینج شیو کمار نے جمعہ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ادھم پور کا دورہ کرکے ٹولڈی نالہ کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے امرناتھ یاتریوں کی عیادت کی اور انہیں فراہم کیے جا رہے طبی علاج و سہولیات کا جائزہ لیا۔افسران نے اسپتال میں زیر علاج زخمی یاتریوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ڈاکٹروں سے علاج کی پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔واضح رہے کہ امرناتھ یاتریوں کو لے جانے والی ایک ماروتی کار ٹولڈی نالہ کے مقام پر بے قابو ہو کر سڑک سے پھسل گئی تھی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار متعدد یاتری زخمی ہوگئے تھے۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمی یاتریوں کو بہترین ممکنہ علاج، چوبیس گھنٹے طبی نگرانی اور تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکیں۔