عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او)کے زیر اہتمام دو روزہ فوڈ اینڈ ایگرو فیسٹ 2026اور انٹرنیشنل بائرسیلر میٹ بدھ کو ایس کے آئی سی سی سرینگر میں اختتام پذیر ہوا۔ اس میگا ایونٹ میں اختراع، صنعتکاری اور عالمی تجارتی روابط کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔24 اور 25 مارچ کو منعقد ہونے والے اس پروگرام میں 20 سے زائد بین الاقوامی خریداروں اور 25 قومی خریداروں نے شرکت کی، جبکہ سینکڑوں اسٹالز پر جموں و کشمیر کی زرعی اور غذائی مصنوعات کی متنوع نمائش پیش کی گئی۔
اس میلے کا مقصد ایم ایس ایم ایز کو مضبوط بنانا، کسانوں کو بااختیار کرنا اور مقامی مصنوعات کو عالمی منڈیوں سے جوڑنا تھا۔مختلف نمائش کنندگان میں “ہِلو مکاہباز” ایک نمایاں برانڈ کے طور پر ابھرا، جس نے بیکری کے شعبے میں اپنی جدت کے باعث خاص توجہ حاصل کی۔ اس برانڈ کو جموں و کشمیر اور ملک کا پہلا فورٹیفائیڈ بریڈ برانڈ قرار دیا جا رہا ہے، جو صحت بخش اور جدید تقاضوں کے مطابق بیکری مصنوعات پیش کر رہا ہے۔ہِلو مکاہباز کے اسٹال پر خریداروں، تاجروں اور زائرین کا خاصا رش دیکھنے کو ملا، جہاں قومی اور بین الاقوامی نمائندوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس شرکت سے کشمیر کی فوڈ انڈسٹری میں ویلیو ایڈڈ اور صحت پر مبنی مصنوعات کی جانب بڑھتے رجحان کی عکاسی ہوتی ہے۔