نئی دہلی//حکومت نے آج کہاکہ دہلی کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو)ایک اچھا ادارہ ہے اور اسے ملک کے مرکزی دھارے سے دورنہیں ہونے دیاجائیگا۔فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیررمیش پوکھریال نشنک نے لوک سبھا میں سنٹرل یونیورسٹیز ترمیمی بل پر بحث کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ جے این یو تحقیق کے شعبہ میں چوٹی پر ہے ۔یہ بہت ہی اچھاادارہ ہے ۔ہم اس یونیورسٹی کو بہتر طریقہ سے چلائیں گے ۔کچھ لوگوں کی وجہ سے اسے بدنام نہیں ہونے دیاجائیگا۔اس یونیورسٹی کے قومی دھارے سے دورہونے کا تو سوال ہی نہیں ہے ۔مسٹر پوکھریال بل پر بحث کے دوران بی جے پی کے رکن ایس پی ایس بگھیل کے ذریعہ کیے گئے سوال کاجواب دے رہے تھے ۔مسٹر بگھیل نے آندھراپردیش میں ایک مرکزی یونیورسٹی اور ایک شیڈول کاسٹ مرکزی یونیورسٹی قائم کرنے کے لیے پیش کیے گئے اس بل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ حکومت جتنی بھی سنٹرل یونیورسٹی قائم کرے ،لیکن اس بات کا خیال رکھاجائے کہ وہ ‘دوسرا جے این یو ’نہ بنیں ۔ انھوں نے کہاکہ ان یونیورسٹیوں میں ایسے بچوں کو داخلہ نہ دیاجائے جو ملک مخالف نظریہ کو مانتے ہیں ۔یہ یقینی بنایاجاناچاہئے کہ ‘افضل ہم شرمندہ ہیں ،تیرے قاتل زندہ ہیں ، جیسے نعرے لگانے والوں کو کسی بھی ادارے میں داخلہ نہ ملے ۔’ یواین آئی۔