محتشم احتشام
پونچھ// تحصیل منڈی کے دور افتادہ علاقوں کے عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے سابق سرپنچ کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے ملاقات کی اور جیپ پیڈ تا کوٹھی وایا سائیں کالو رابطہ سڑک کی خستہ حالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس پر فوری طور پر تارکول بچھانے اور سڑک کی مکمل بہتری کا مطالبہ کیا۔وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو بتایا کہ مذکورہ سڑک کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار ہے جس کے باعث مقامی آبادی کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بارشوں کے دوران سڑک کی حالت مزید ابتر ہو جاتی ہے، جس سے آمد و رفت متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ طلبہ، مریضوں، ملازمین اور تاجروں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بہتر سڑک نہ ہونے کے باعث علاقے کی مجموعی ترقی متاثر ہو رہی ہے اور عوام بنیادی سہولیات سے پوری طرح مستفید نہیں ہو پا رہے۔
وفد کے اراکین نے اس موقع پر کہا کہ اگر سڑک کی معیاری تعمیر اور اس پر تارکول بچھانے کا کام جلد مکمل کر لیا جائے تو نہ صرف آمد و رفت کے مسائل حل ہوں گے بلکہ علاقے کے دیگر دیرینہ مسائل کے حل کی راہ بھی ہموار ہو جائے گی۔انہوں نے نشاندہی کی کہ گاؤں میں پینے کے پانی کی شدید قلت پائی جاتی ہے اور لوگ روزانہ دور دراز مقامات سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ سڑک کی مناسب حالت نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی ترسیل بھی ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ اگر سڑک بہتر ہو جائے تو گاڑیوں کے ذریعے گھروں تک پانی پہنچانا آسان ہو جائے گا اور عوام کو کافی راحت ملے گی۔وفد نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے کی عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑک کی فوری مرمت، تارکول بچھانے اور پانی کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے وفد کے تمام مطالبات اور مسائل کو غور سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ عوامی مفاد سے وابستہ ان تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر زیر غور لا کر مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔وفد میں شامل معزز شہریوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے دی گئی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ علاقے کے عوام کو درپیش مسائل جلد حل ہوں گے اور ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔