ٹوکیو//جاپان کے وزیر خزانہ شونیچی سوزوکی نے کہا ہے کہ گروپ آف سیون (جی 7) کے مالیاتی رہنما 23 فروری کو روس کے خلاف ان اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے جس سے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے اس پر دباؤ پڑے گا۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر بنگلورو میں جی 7 ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینک کے گورنرز کے اجلاس کی صدارت جاپان کرے گا۔یہ ملاقات روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے تقریباً اس ایک سال بعد ہو رہی ہے، روس نے اسے ’خصوصی فوجی آپریشن‘ قرار دیا تھا۔جی 7 اور دیگر ممالک کی جانب سے روس کے خلاف متعدد تعزیری اقدامات کے باوجود جنگ تاحال جاری ہے۔جاپانی وزیر خارجہ نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ’یوکرین کی حمایت اور روس کے خلاف پابندیاں اجلاس کے دوران بحث کے اہم موضوعات ہوں گے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’ہم پابندیوں کے اثر کو بڑھانے کے لیے جی 7 اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کرتے رہیں گے۔