سمت بھارگو
راجوری//گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری نے جدید طبی خدمات کے میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلی بار کامیاب کوکلیئر امپلانٹ سرجری انجام دی ہے۔ یہ خصوصی اور پیچیدہ سرجری کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اے ایس بھاٹیہ کی نگرانی میں انجام دی گئی۔اس کامیابی کے ساتھ جی ایم سی راجوری جموں ڈویژن کے تین نئے قائم شدہ گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں پہلا ایسا پیرِفیرل میڈیکل کالج بن گیا ہے جہاں یہ خصوصی سرجری کامیابی سے انجام دی گئی۔ای این ٹی اور ہیڈ اینڈ نیک سرجری شعبہ کی سربراہڈاکٹر ودھویشی بڈیال نے بتایا کہ کوکلیئر امپلانٹ سرجری کے ذریعے سماعت سے محروم بچے کے کان کے اندر موجود کوکلیا میں الیکٹروڈ نصب کیے جاتے ہیں، جو براہ راست سماعت کے اعصاب کو متحرک کرتے ہیں۔ اس طریقہ علاج سے ایسے بچوں میں آواز سننے کی صلاحیت پیدا کی جاتی ہے جو پیدائشی طور پر مکمل طور پر بہرے ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ سرجری ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ نے ڈی ای آئی سی ٹیم، اینستھیزیا ٹیم اور آپریشن تھیٹر عملے کے اشتراک سے کامیابی کے ساتھ انجام دی۔ ڈی ای آئی سی ٹیم کی قیادت ساحل لون جبکہ اینستھیزیا ٹیم کی سربراہی ڈاکٹر سہیل بانڈے نے کی۔ آپریشن تھیٹر ٹیم کی نگرانی ساحل شرما نے انجام دی۔
سرجری معروف ماہرین ڈاکٹر راجیو کپلایہ اورڈاکٹرپدماں سنگھ جموال کی تکنیکی رہنمائی میں مکمل کی گئی۔حکام کے مطابق اس سرجری کے اخراجات نیشنل ہیلتھ مشن کی جانب سے برداشت کیے گئے۔ آپریشن سندربنی کے علاقے لوئر ہتھل سے تعلق رکھنے والے دو سالہ بچے کا کیا گیا، جو پیدائش سے ہی سماعت کی صلاحیت سے محروم تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کوکلیئر امپلانٹ کے بعد بچہ اب آوازیں سننے کے قابل ہو سکے گا۔بچے کے والد وپن پال شرما نے کہا کہ وہ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور اتنے مہنگے علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے، تاہم ضلع ارلی انٹروینشن سینٹر (DEIC) ان کے لیے بڑی راحت ثابت ہوا، جس نے اس اہم سرجری کو ممکن بنایا۔ انہوں نے ای این ٹی شعبہ اور ڈاکٹر ودوشی بڈیال کی خدمات کو بھی سراہا۔طبی ماہرین اور عملے نے اس کامیاب سرجری کو خطے میں جدید طبی سہولیات کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔