عارف بلوچ
اننت ناگ//گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں جمعہ شام دیر گئے اس وقت ہنگامہ پیدا ہوگیا جب یہاں ایک خاتون کی موت علاج کے دوران ہوئی جس کے بعد مہلوک خاتون کے قریبی افراد نے اسپتال کے املاک کو نقصان پہنچایا جس کے بعد پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کرکے 4 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔65سال خدیجہ بیگم زوجہ غلام حسن نداف ساکنہ سریگفوارہ نامی خاتون ہسپتال میں زیر علاج تھی اس بیچ خاتون کی حالت بگڑ گئی اور انکی موت واقع ہوگئی۔خاتون کی موت پر اہل خانہ نے ہسپتال میں ہنگامہ کیا اور الزام عائد کیا کہ خاتون کی موت ڈاکٹروں کی مبینہ لاپرواہی سے ہوئی ہے،مشتعل افراد نے ہسپتال کے املاک کو بھی نقصان پہنچایا جس کے سبب یہاں کچھ دیر کے لئے افراتفری کا ماحول پھیل گیا۔
اس بیچ اسپتال انتظامیہ نے معاملہ کا سنجیدہ نوٹس لیتے پولیس میں شکایت درج کی جس کے بعد پولیس نے کیس درج کرکے تھوڑ پھوڑ کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کیا ہے اور مزید افراد کی پہچان جاری ہے۔وزیر صحت سکینہ ایتو نے معاملہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طبی عملہ کو تشدد بنانا کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا اگر کسی سے کوتاہی ہوئی ہے تو اس سے جوابدہی ہوگئی لیکن طبی عملہ کی مارپیٹ کرنا ،اسپتال املاک کو نقصان پہنچانا کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔