عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نائب وزیر اعلیٰ نے کل اِنٹگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی ) ایچ ایم ٹی سری نگر کا دورہ کیا اور وادیٔ کشمیر میں جاری برف صاف کرنے کی کارروائیوں اور ضروری خدمات کی بحالی کا جائزہ لیا ۔اُنہوں نے برف باری کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تمام متاثرہ علاقوں میں برف ہٹانے کے کام کی تیز اور فوری ضرورت پر زور دیانائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دِی کہ تمام متاثرہ اہم سڑکوں کے ساتھ ساتھ لنک روڈوں کو ترجیحی بنیادوں پر صاف کیا جائے تاکہ عام لوگوں کی آسانی اوربغیر پریشانی آمدورفت ممکن ہو سکے۔اُنہوں نے صحت شعبے کی سہولیات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ کشمیر بھر میں تمام بڑے ہسپتالوں اور طبی اِداروں کو جانے والی سڑکیں فوری طور پر صاف کی جائیں۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مریضوں کی خدمت بغیر رُکاوٹ اور مسلسل فراہم کی جائے۔سریندر کمار چودھری نے مزید ہدایت دی کہ بجلی اور پانی کی فراہمی سمیت تمام ضروری خدمات کو متاثرہ علاقوں میں جنگی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔بعد ازاں،نائب وزیر اعلیٰ نے محکمہ میکنیکل اِنجینئرنگ سری نگر کا دورہ کیا اور کشمیر بھر میں برفباری کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اَفرادی قوت اور مشینری کی تعیناتی کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ برف ہٹانے کے کام میں تیزی لانے کے لئے تمام مشینری کو بروئے کار لایا جائے اور زمینی سطح پر کارروائیوں کی پیش رفت کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ کسی بھی آئندہ موسمی ہنگامی صورتحال کے اثرات کو کم کرنے کے لئے اَفرادی قوت، مشینری اور لاجسٹکس کو ہر وقت تیار حالت میں رکھا جائے۔اِس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ نے سیر باغ۔سمپورہ پُل کے جاری تعمیراتی کام کا معائینہ کیا جو پلوامہ کے پانپور علاقے کے متعدد دیہات اور ضلع بڈگام کے چاڈورہ حلقے کے لئے رابطہ مضبوط بنانے کا ایک اہم بنیادی ڈھانچہ منصوبہ ہے۔اُنہوں نے معائینے کے دوران عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار تیز کی جائے، کوالٹی معیارات پر سختی سے عمل کیا جائے اور مقررہ وقت میں پروجیکٹ کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔