عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
ایتھنز// یونان کے جنگل سے غیر قانونی طور پر ترکیہ میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران 18 تارکین وطن آتشزدگی میں بری طرح جل کر ہلاک ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان سے متصل ترکیہ کی سرحد کے نزدیک بری طرح جلی ہوئی 18 لاشیں ملی ہیں۔ یہ افراد یونان کے جنگلات میں تیزی سے پھیلنے والی آگ میں پھنس گئے تھے۔لاشیں ملنے کا مقام وہی راستہ ہے جو تارکین وطن ترکیہ میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس مقام پر شدید آگ لگی ہوئی تھی۔آگ نے جنگل کے دو دیہاتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اسکول۔ قبرستان اور درجنوں گھر جل کر خاکستر ہوگئے۔یاد رہے کہ یونان کے دو جنگلات الیگزینڈروپولس اور کاوالا کے علاقے میں آتشزدگی کا اکل چوتھا دن ہے جسے بجھانے کے لیے 4 طیارے، 3 ہیلی کاپٹرز اور 200 سے زائد فائر فائٹرز اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں تاہم آگ پھیلتی ہی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ یونان میں جنگلات میں ہر سال موسم گرما میں تباہ کن آگ کا شکار ہوتے ہیں۔موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہی میں جنگلات میں آگ لگنا معمول بنتا جا رہا ہے اور اس وقت بھی امریکا، آسٹریلیا اور یونان سمیت کئی ممالک کے جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے۔ادھر کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ مزید بڑھتی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے انتظامیہ نے ہزاروں گھروں کو خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔
میڈیا ذرائع کیمطابق جنگلات میں اس وقت 400 کے قریب مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے جس کے باعث صوبے برٹش کولمبیا میں 30 ہزار کے قریب گھر خالی کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ شوسائپ کے علاقے میں 2 مقامات پر بڑے پیمانے پر آگ لگی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں گھروں اور رہائشی عمارتوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔حکام نے آگ کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کی وجہ سے کیلوونا شہر کی طرف سفر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے جب کہ مغربی کیلوونا کے علاقے میں آگ کے باعث 36 ہزار کے قریب گھر متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیلوونا شہر کے قریب سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ علاقے میں کام کرنے والے ایمرجنسی ورکرز کو بھی زیادہ سے زیادہ تعاون فراہم کیا جائے۔میڈیا رپورٹس کیمطابق یلونائف شہر کی طرف جانے والا راستہ بھی سیکڑوں میل تک آگ سے متاثرہے۔ آگ کی وجہ سے کینیڈا کے شمال مغربی علاقے کو خالی کرنے کے لیے جمعہ تک کا وقت دیا گیا تھا جس کے بعد لوگوں کو گاڑیوں اور جہاز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ادھر برٹش کولمبیا میں جنگل کی آگ سے متاثرہ علاقوں سے 27ہزار سے زیادہ لوگوں کو نکال لیا گیا ہے اور 35ہزار سے زیادہ لوگوں کو ابھی تک نکالا جانا باقی ہے ۔کناڈا کے ایمرجنسی مینجمنٹ کے وزیر بوون ما نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ مسٹر بوون نیبی سی وائلڈ فائر اپڈیٹ کے دوران کہا،ہمارے ریسکیورز مسلسل کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جنگل کی آگ بڑھتی جا رہی ہے ۔ جس سے کئی ہزاروں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔بی سی کے وزیر جنگلات بروس رالسٹن نے کہا کہ صوبے کے جنگلات میں لگنے والی آگ اس وقت عوام کی حفاظت کے لیے خطرہ ہے ۔مسٹر رالسٹن نے کہا کہ تقریباً 3500 اہلکار صوبے میں جنگل کی آگ بجھانے کے لیے کام کر رہا ہے ۔ اس کے علاوہ، 100 میکسیکن فائر فائٹرز اورآئندہ دنوں میں 200 اضافی جنوبی افریقی لوگوں کے آنے کی توقع ہے ۔ برٹش کولمبیا نے آگ سے متاثرہ ضرورت مندکمیونٹیوں کی مدد کرنے کی حکام کی صلاحیت کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی ہنگامی حالت کا اعلان کیا۔قابل ذکر ہے کہ کناڈا کے جنگلات میں اس سال لگنے والی آگ ملکی تاریخ کی بدترین آگ ہے ۔ جس کی وجہ سے ہزاروں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔