سرینگر//پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے کہا کہ وادی میں جنگجویت میںکمی آرہی ہے اور سرگرم جنگجو ئوںکی تعداد ا 300سے کم ہو کر 200ہی رہ گئی ہے ۔ دلبا غ سنگھ نے کہا کہ جموں کشمیر کے حالات میں بہتری آ رہی ہے جبکہ سرگرم عسکریت کا گراف بھی نیچے آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال عسکریت پسندوں کی تعداد 300کے قریب تھی تاہم امسال تعداد 200ہے۔انہوںنے کہا کہ عسکریت کے خلاف کارورائیاں جاری ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عسکریت میں مزید کمی آئے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں ڈی جی پی نے کہا کہ لوگوںکو اس وقت ایک سخت چیلنج کا سامنا ہے تاہم لوگوں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت ہے اور یہ وقت رہنے والا نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پولیس کی کوششیں جاری ہے کہ جنگجویت کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کا بھی جلد مکمل خاتمہ ہو ۔ انہوںنے کہا کہ اگرچہ یہ مشکل ہے تاہم نا ممکن بھی نہیںہے ۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ایجنسیاں کورونا کی اس وبائی صورتحال میں بھی عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور زمینی سطح پر اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔ اس دوران انہوں نے جموں و کشمیرمیں’’ انسداد دہشت گردی کے قومی دن‘‘ کے موقع پر افسروں اور اہلکاروں سے میٹنگ کی۔ اس موقع پر دلباغ سنگھ نے کہا کہ دنیا کے بہت سے حصے دہشت گردی کی مختلف اقسام سے متاثر ہیں اور ہر عالمی فورم پر امن و سلامتی کیلئے اس عالمی خطرہ سے نمٹنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ایک یا دوسرے طریقے سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔ڈی جی پی نے مزید کہا کہ پولیس اور دیگر فورسز اس کے خلاف لڑ رہی ہیں اور ہمارے ملک کے مفادات کے تحفظ کیلئے ایسا کرتی رہیں گی ۔دلباغ سنگھ نے کہا کہ گذشتہ تین دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے دہشت گردی کے خلاف جموں و کشمیر پولیس سب سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سینکڑوں افسران اور پولیس اہلکاروں نے قوم کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ڈی جی پی کاکہناتھاکہ جموں و کشمیر پولیس جموں و کشمیر کے پر امن ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے عوام اور ملک کے مفادات کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ڈی جی پی نے کہا کہ یوم انسداد دہشت گردی منانا لوگوں میں امن ، انسانیت ، اتحاد ، اور ہم آہنگی کے پیغام کو عام کرنا ہے ، اور انہیں دہشت گردی کی معاشرتی مخالف کارروائیوں سے آگاہ کرنا ہے۔تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دلباغ سنگھ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کا دن تمام اضلاع ، یونٹ اور ونگ ہیڈ کوارٹرز میں منایا گیا ہے اور مزید کہا کہ مرکزی تقریب جموں کے پی ایچ کیو میں منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے نوجوانوں کو قومی سلامتی میں کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے لعنت کے خلاف ڈٹ کر ملک میں امن کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی سرگرمیاں اس وقت نیچے آرہی ہیں اور ہماری کوششیں اسے مزید نیچے لانے کے لئے جاری رکھیں گی۔