جموں//ریاستی نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹرنرمل سنگھ نے کہاکہ عسکریت پسند وں کی تحریک کشمیربلاجوازہے اوراس کامقصد کشمیرمیں طالبانی نظام قائم کرکے اسے دوسرا شام بناناہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حمایت سے چلائے جارہے طالبانی نظام کامقصد کشمیرمیں بدامنی پھیلاکریہاں شام جیسے حالات پیداکرناہے جس کیلئے سماج میں کوئی بھی جگہ نہیں ہے۔ نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹرنرمل سنگھ نے کہاکہ حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر ذاکرموسیٰ نے اپنے بیان میں واضح کرتے ہوئے حریت لیڈرا ن کوانتباہ دیاہے کہ وہ مسئلہ کشمیرکوسیاسی مسئلہ قرارنہ دیں۔انہوں نے کہاکہ موسیٰ کے بیان سے عسکریت پسندوں کاایجنڈا منظرعام پرآگیاہے۔انہوں نے کہاکہ عسکریت پسندکشمیرمیں طالبانی نظام قائم کرکے یہاں شام جیسے حالات پیداکرنے کے خواہاں ہیں لیکن ہندوستان کی حکومت ایساکسی بھی صورت میں نہیں ہونے دے گی۔ڈاکٹرنرمل سنگھ نے وادی کشمیرکے لوگوں میں لیفٹیننٹ عمرفیاض کی ہلاکت کے تئیں غم وغصہ ہے ۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں ودیگرفریقین سے کشمیرمیں امن قائم کرنے کیلئے تعاون کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیرکوئی متنازعہ خطہ نہیں ہے اورہندوستانی حکومت آئین ہندکے تحت بات چیت کرنے کیلئے ہمیشہ تیارہے۔انہوں نے کہاکہ وادی کشمیرکے موجودہ حالات کے پیش نظر کسی بھی قسم کی بات چیت کاعمل شروع کرناممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بات چیت پتھربازی اوربندوئوں کے سائے میں کیسے ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بات چیت کیلئے پرسکون ماحول کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ امرناتھ یاتریوں اورسیاحوں کوپریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت نے سیکورٹی انتظامات کیلئے لائحہ عمل طے کیاہواہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے عسکریت پسندوں اوران کے حمایتیوں سے نمٹنے کیلئے بھی موثر منصوبہ تیارکیاہواہے۔ جنگ بندی کی خلاف ورزی پر ڈاکٹرنرمل سنگھ نے کہاکہ فوج کو پاکستانی گولہ باری کاموثرجواب دینے کی چھوٹ دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سیاسی حکومت کمزور ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اندرونی علاقوں مثلاً بلوچستان ، نارتھ ویسٹ فرنٹیئر ، سندھ وغیرہ کی صورتحال پرپردہ پوشی کرنے کیلئے پاکستانی فوج باربارسیزفائرکی خلاف ورزی کررہاہے۔