یو این آئی
غزہ// اسرائیل کی غزہ پر بمباری چوتھے روز میں داخل ہو گئی،جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 704تک پہنچ گئی جبکہ اسرائیل میں کم از کم 900 افراد مارے گئے ہیں ۔ حماس کی اسرائیل میں کارروائی اور اسرائیل کی غزہ پر بمباری چوتھے روز میں داخل ہو گئی۔تازہ بمباری سے مرنے والوں میں عورتوں اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 14 اور دوسرے خاندان کے 8 افراد بھی شامل ہیں، اب تک جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 704 ہو گئی جبکہ 3800 زخمی ہیں۔
ادھر اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا کہ غزہ پٹی کے پاس اسرائیل میں حماس کی تقریباً 1500 لاشیں ملی ہیں۔اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے بین الاقوامی ترجمان رچرڈ ہیچ نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ غزہ کی پٹی کے آس پاس اسرائیل میں حماس (عسکریت پسندوں) کی تقریباً 1500 لاشیں ملی ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے غزہ کے ارد گرد حفاظتی باڑ کے اس علاقے پرکم و بیش دوبارہ کنٹرول کر لیا ہے جسے ہفتہ کو حماس کے عسکریت پسندوں نے توڑ دیا تھا۔ ساحلی فلسطینی انکلیو کے ارد گرد کے علاقے میں 35 بٹالین کو تعینات کیا گیا ہے ۔ سرحد کے ساتھ رہنے والی کمیونٹیز کے رہائشیوں کو نکالنے کاکام تقریباً مکمل ہو چکا ہے ۔اسرائیل کے سرکاری میڈیا اور انکلیو میں مسلح گروپوں کے مطابق اسرائیل میں کم از کم 900 افراد مارے گئے ہیں، جب کہ غزہ میں تقریباً 130 شہری اور فوجی یرغمال ہیں۔