سرینگر//جموں کشمیر میں ملکی سیاحت کی بحالی کے علامات کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے مرکزی سیکریٹری سیاحت ، اروند سنگھ نے کہا کہ کرونا ٹیکہ کاری مکمل ہونے کے بعد بین الاقوامی سیاحت کے آغاز پر غور کیا جائے گا۔ مرکزی سیاحتی سیکریٹری اتوار کو جموں کشمیر کے دورے پر پہنچ گئے اور’’ آئی آئی ایس ایم‘‘ کا دورہ کیا۔ان کے ہمراہ اقتصادی مشیر برائے سیاحت بھوشن ، ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو اور ڈائریکٹر سیاحت جموں نسیم شاہ چودھری بھی تھے۔انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسکینگ اینڈ مائونٹنیرنگ کی 5 ویں سنو سکینگ کورس کی گریجویشن تقریب کے حاشیہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ، اروندسنگھ نے کہا کہ حکومت کو یقین ہے کہ گھریلو سیاحت اپنی اصل سطح پر واپس آجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملکی سیاحت کی بحالی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں اور بھارت کے دیگر حصوں کے ساتھ جموں وکشمیر خصوصا گلمرگ اور سری نگر سے بھی انتہائی حوصلہ افزا اطلاعات آرہی ہیں۔اروند نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ٹیکہ کاری پروگرام مکمل طور پر قائم ہوجانے کے بعد کرونا وائرس کی شدت کم ہوگی اور ما بعد ملکی سیاحت اس کی اصل سطح پر آجائے گی۔سنگھ نے آئی آئی ایس ایم میں اپنے خطاب میں کہا کہ جو لوگ 12 ویں جماعت کے امتحانات پاس کرنے کے بعد سیاحت کی صنعت میں آنے کی خواہش رکھتے ہیں ،وہ سیاحت سے متعلق کورسز کا حصول کریں ۔انہوں نے کہا ،’’آئی آئی ایس ایم ایک کورس کا انعقادکر رہا ہے جو آن لائن کیا جاسکتا ہے ، اس کورس میں سیاحت سے متعلق معلومات شامل کی گئیں ہیں۔‘‘ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتونے اپنے خطاب میں کہا کہ گلمرگ کے عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام میںسرمائی کھیل’’کھیلو انڈیا کھیلوں‘‘کا دوسرا ایڈیشن بھی زوروں پر ہے، جو وزارت کھیل اور جے کے اسپورٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا’’محکمہ سیاحت نے ’کھیلو انڈیا‘کی شاندار کامیابی کے لئے جے کے اسپورٹس کونسل کو مکمل مدد فراہم کی ہے ، جو بالآخر وادی میں مزید سیاحوں کو راغب کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔‘‘ وزارت سیاحت کی اقتصادی مشیر ، گیان بھوشن نے اس موقع پر کہا کہ وہ مستقبل کے کیلنڈر کے پہلے سے تربیتی پروگرام بنانے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا ’’ہم آنے والے موسم گرما میں ڈھانچوں کی توسیع اور مہم جوئی کھیل کو بھی شروع کر رہے ہیں۔‘‘