جموں//گاندھی نگر پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں میں دو افراد سے 45لاکھ روپے مالیت کی ہیروئین برآمد کیا ہے ، اس کے قبضہ سے 20ہزار روپے نقد بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ یہ کارروائیاں ایس ڈی پی او سائوتھ رفیق منہاس کی رہنمائی میں انجام دی گئیں۔پولیس نے بتایا کہ ڈگیانہ پلی کے قریب معمول کی چیکنگ کے دوران ایک سکوٹر کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تواس نے بھاگنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اسے قابو کر لیا اور تلاشی کے دوران اس کے قبضہ سے 450گرام ہیروئین اور 20ہزار روپے نقد برآمد ہوئے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ضبط شدہ ہیروئین کی قیمت قریب 45لاکھ روپے ہے۔گرفتار شدہ شخص کی شناخت پردیپ سنگھ ولد بھوپندر سنگھ بارہمولہ کشمیر حال جموں کے طور پر کی گئی ہے ۔اس کے خلاف گاندھی نگر تھانہ میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 147/2018درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس شخص کو سرینگر پولیس نے 2013میں بمنہ سرینگر میں ہوئے ایک فدائین حملہ کے سلسلہ میں بھی گرفتار کیا تھا۔دریں اثناچٹھا پولیس نے ایک شخص کے قبصہ سے 5گرام ہیروئین برآمد کی ہے ، اس کی شناخت امرت پال سنگھ ولد سریندر پال سنگھ ساکن لدھیانہ کے طور پر کی گئی ہے۔ امرت پال کو حراست میں لے کراس کے خلاف انسداد منشیات کے مختلف ایکٹوں کے تحت ایف آئی آر 110/18درج کر لی گئی ہے ۔