جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے موجودہ کووِڈ۔19 سے پید ا شدہ صورتحال کے مد نظر مرکزی وزیر برائے زراعت نریندر سنگھ توماراور مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت اور سیکرٹری ڈی اے سی اینڈ ایف ڈبلیو کی طرف سے منعقدہ ایک میٹنگ میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی اور زرعی اور اس کے ساتھ منسلک دیگر سیکٹروں سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں زرعی وزراء ، سیکرٹریوں ،مختلف ریاستوں کے زرعی محکموں کے سربراہوںنے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔محکمہ زراعت کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری ، زراعت اور باغبانی ،جموں کشمیر محکموں کے سربراہان نے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ کے دوران فارمنگ اوپریشن ، زرعی مصنوعات کی مارکیٹنگ اور منڈی اوپریشن ، حصولیابی و دیگر معاملات پر سیر حاصل بحث ہوئی۔مرکزی وزیر نے اس موقعہ پر کہا کہ مختلف موقعوں پر حکومت کی طرف سے زرعی اوپریشنوں کو جاری رکھنے کے عمل کو ترجیح دی جاتی ہے اور اُسی حساب سے ایڈوائزریز بھی جاری کی جاتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ زرعی اوپریشن بالخصوص زرعی بازاروں اور منڈیوں میں کام کرنے والے اَفراد کو ہر حالت میں سماجی دُوریاں قائم رکھنی ہوں گی ۔اِس موقعہ پر زرعی اوپریشنوں میں آسانی پیدا کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے مراعات کی تفاصیل پر بھی غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ میں کسانوں کو فراہم کی جارہی امدادی مراعات پر بھی بات ہوئی۔ ان مراعات میں پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت ریلیف پیکیج ، فصل کے قرضوں کی ادائیگی میں توسیع ،مختلف دالوں اور سرسوں کی حصولیابیوں کے لئے منظوری اور کسانوں سے براہِ راست فصل خریدنے سے متعلق سہولیت کی ایڈوائزری شامل ہے۔مشیرموصوف نے زرعی و باغبانی سیکٹر میں جموںوکشمیر حکومت کی طرف سے اٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے دیہی آبادی اور کسانوں میں ماسکوں کی تقسیم کے عمل کے بارے میں بھی میٹنگ کو جانکاری دی۔مشیر موصوف نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں زیادہ آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے ۔ اسلئے یہ ضروری بنتا ہے کہ ہم ان کسانوں کو ماسک کے استعمال کے لئے حوصلہ بڑھائیں۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یونین ٹریٹری میں موجودہ مشکل حالات کے باوجود بھی بیجوں اور کھادوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ جموںوکشمیرحکومت نے زرعی آلات و مشینری کی آزادانہ نقل و حمل کے لئے پہلے ہی ضروری ایڈوائزری جاری کی گئی ہے ۔مشیر موصوف نے کہا کہ سبزیوں اور غذائی اجناس کی قیمتوں کو بھی مارکیٹنگ اِنفارمیشن نظام میں رکھا گیا ہے۔