سرینگر// نیشنل کانفرنس نے کہا کہ جہاں ملک کے لوگ یوم جمہوریہ منانے میں مشغول ہے،وہی جموں کشمیر کے لوگوں کو آئینی و جمہوری حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔جموں میں پارٹی ہیڈ کواٹر پرکارکنوں اور عہداروں سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹریی ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جموں کشمیر اور لداخ کے عوام کو دن بہ دن اپنے آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ آئینی اور جمہوری حقوق ہندوستان کے جمہوری ایوان لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں آزادی کے لیڈروں نے منظور کئے تھے۔ان کا کہنا تھا’’ موجودہ مرکزی حکومت کے حکمرانوں آر ایس ایس اور بھاجپا نے لوگوں کو ان حقوق سے محروم کیا‘‘۔انہوں نے کہا’’ مودی سرکار نے سیاسی انتقام گیری خاص طور پر ریاست کو مسلم سٹیٹ کے ناطے طاقت کے بل بوتے پر ریاست کے لوگوں کے370اور35اے سمیت دیگر حقوق چھین لئے،اور یہ مرکزی حکومت کی سب سے بڑی غلطی ہے‘‘۔ڈاکٹر کمال نے مرکزی وزیر داخلہ کے اس بیان کو بھی لغو قرار دیا کہ جموں کشمیر میں امن و امان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا گیا ہے اور سیاسی لیڈروں کی تنگ طلبی،نوجوانوں کی اسیری جاری ہے۔