جموں//بہتر صحت سہولیات بالخصوص اِبتدائی طبی خدمات جموںوکشمیر کے عوام کے لئے دستیاب رکھنے کے مقصد سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 73آیوش صحت ہیلتھ اینڈ ویلنس مراکز کا اِی۔ اِفتتاح آیوشمان بھارت کے تحت کیا۔اس موقعہ پر اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں گزشتہ چند ماہ کے دوران صحت شعبے میں انقلائی تبدیلی لائی جارہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ طبی سہولیات کی توسیع اور ا سے جدید خطوط پر آراستہ کر کے یوٹی میں کم لاگت اور معیاری صحت سہولیات بہم رکھنے کے لئے بہترین کام کیا جارہا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت آیوش کو طبی سہولیات کی فراہمی کے نظام کے ساتھ مکمل طور مربوط کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔علاج اور دوا کے آیوش نظام کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ طب کا یہ نظام کسی شخص کی مجموعی تندرستی پر مرکوز ہے اور یہ نہ صرف مریض کا علاج و معالجہ کرتا ہے بلکہ لوگوں کو صحت مند طرزِ زندگی کی راغب کرنے کے لئے بھی رہنمائی کرتا ہے ۔اُنہوں نے ہیلتھ اینڈ ویلنس مرکز کے قیام سے جموںوکشمیر یوٹی میں اِنقلابی تبدیل آئے گی بالخصوص آیوش شعبہ کی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔ آیوش اصولوں اور طرزِ علاج کے ذریعے جامع ابتدائی طبی سہولیات لوگوں کو بہم ہوسکے تاکہ ایک صحت مند معاشرہ پنپ سکے۔اُنہوں نے تمام متعلقین اور صحت سہولیات فراہم کرنے والوں کو آیوش نظام علاج کے فوائد سے متعلقہ عوام کو جانکاری فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے کہا ۔ دریں اثنا ، لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف ہیلتھ اینڈ ویلنس مراکز کے عملہ سے تبادلہ خیال کیااور ان مراکز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی ان کے کام ، روزانہ اور ماہانہ مریضوں کو بلا معاوضہ طبی نگہداشت کی خدمات کے بارے میںجانکاری حاصل کی۔واضح رہے کہ 73 آیوش ہیلتھ اینڈ ویلنس مراکز میں سے 9 اودھم پور ، راجوری میں 7،ریاسی میں 6، بارہمولہ میں پانچ، بڈگام ، بانڈی پورہ ، ڈوڈہ اور رام بن میں چار، جموں ، سری نگر ، کٹھوعہ ، کپواڑہ ، پونچھ ، اننت ناگ اور پلوامہ میں تین، کولگام ، گاندربل ، شوپیان ، سانبہ اور کشتواڑ میں دو قائم کئے گئے ہیں۔ منظور شدہ 571ہیلتھ اینڈ ویلنس مراکز میںسے پہلے مرحلے میں94 مکمل کئے گئے ہیں اور دوسرے مرحلے میں دیگر 100 مکمل کئے جائیں گے۔