محتشم احتشام
پونچھ//جموں و کشمیر کی خواتین کھیلوں کی تاریخ میں ایک اور حوصلہ افزا پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب جموں و کشمیر کی جونیئر اور سینئر گرلز سائیکل پولو ٹیمیں قومی سطح کے بڑے مقابلے میں شرکت کے لئے آندھرا پردیش کے شہر کاڈاپا روانہ ہو گئیں۔ یہ ٹیمیں 28ویں جونیئر گرلز اور 26ویں سینئر (ویمن) نیشنل سائیکل پولو چمپئن شپ 2025-26 میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی، جو 10 سے 13 جنوری 2026 تک منعقد ہوگی۔یہ باوقار قومی چمپئن شپ سائیکل پولو فیڈریشن اف انڈیا کے زیرِ اہتمام جبکہ اندھرا پردیش سائیکل پولو ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے، جس میں ملک بھر سے منتخب اور باصلاحیت ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔جموں و کشمیر کی جونیئر گرلز ٹیم میں ہادیہ فاطمہ، مدیحہ بھٹ، دار عائزہ، سعدیہ گلزار، زینب اعجاز، مالک زینب، حریم فاطمہ اور نورِ افضا شامل ہیں، جبکہ سینئر گرلز ٹیم میں سعدیہ فاطمہ، مہوش شوکت، قر العین، منار مشتاق، تنزیلہ یاسین، رابعہ رشید، سحانہ یوسف اور مریم سحر کو نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ٹیموں کا انتخاب مکمل طور پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لایا گیا۔ اس مقصد کے لئے جیاینڈ کے سائیکل پولو ایسوسی ایشن نے جیاینڈ کے سپورٹس کونسل کی ہدایات کے مطابق سخت اور منصفانہ ٹرائلز منعقد کئے۔ ابتدائی انتخاب کے بعد شارٹ لسٹ کی گئی کھلاڑیوں کی اسکریننگ اسپورٹس کونسل کے مبصرین کی موجودگی میں کی گئی، جس کے بعد حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا۔ایمن زہرہ اور ثانیہ شبیر کو ٹیم منیجر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ولایت حسین اور بلال احمد قومی چمپئن شپ کے دوران جونیئر اور سینئر ٹیموں کی کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔جموں و کشمیر سائیکل پولو ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نے اس موقع پر کہا کہ قومی چمپئن شپ میں شرکت یونین ٹیریٹری میں خواتین سائیکل پولو کے بڑھتے ہوئے رجحان اور مضبوط بنیادوں کی عکاس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر کی دونوں ٹیمیں قومی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ریاست اور اپنے کوچز و منتظمین کی محنت کا بھرپور صلہ دیں گی۔