بلال فرقانی
سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے ’’یونیفائیڈ بلڈنگ بائی لاز‘ ‘2021 میں ترمیمات کو باضابطہ طور پر نوٹیفائی کرتے ہوئے عمارتوں کی منظوری کے عمل کو آسان اور شفاف بنانے کیلئے ڈیجیٹل بلڈنگ پرمیشن سسٹم متعارف کرایا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا، منظوری کے عمل کو تیز کرنا اور شہری علاقوں میں ترقیاتی ضابطوں پر عمل درآمد کو مضبوط بنانا بتایا گیا ہے۔ یہ ترمیمات جموں و کشمیر ڈیولپمنٹ ایکٹ 1970 اور جے کے میونسپل ایکٹ 2000 کے تحت جاری کی گئی ہیں تاکہ تعمیراتی ضوابط کو سادہ بنایا جا سکے اور بلڈنگ پرمیشن کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جا سکے۔نئے نظام کے تحت حکومت نے آٹو ڈی سی آر ٹیکنالوجی پر مبنی آٹو سکروٹنی بلڈنگ پرمیشن اور چینج آف لینڈ یوز پورٹل شروع کیا ہے۔
اس پورٹل کے ذریعے یونین ٹریٹری کے تمام اربن لوکل باڈیز اور ڈیولپمنٹ اتھارٹیز میں جمع کرائے جانے والے بلڈنگ پلانز کی آن لائن جانچ ہوگی۔نئے نظام کے مطابق آن لائن جمع ہونے والے نقشوں کو سافٹ ویئر خودکار طور پر یو بی بی ایل، ماسٹر پلان، زونل پلان اور دیگر ترقیاتی ضوابط کے مطابق جانچے گا اور فوری طور پر تعمیل رپورٹ جاری کرے گا جس میں ممکنہ خلاف ورزیوں کی نشاندہی بھی شامل ہوگی۔حکام کے مطابق نئے پورٹل کے ذریعے بلڈنگ پرمیشن اور چینج آف لینڈ یوز کے عمل کو یکجا کر دیا گیا ہے جس سے منظوری کا دورانیہ پہلے کے 60 سے 90 دن کے بجائے کم ہو کر تقریباً 30 دن رہ جائے گا۔ترمیمات کے تحت زمین کے استعمال سے متعلق ضوابط کو بھی آسان بنایا گیا ہے اور کئی ذیلی زمروں کو ملا کر چار بنیادی زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ صنعتی علاقوں میںسستی گروپ ہاؤسنگ کی اجازت بھی دی گئی ہے تاکہ زمین کے استعمال کو زیادہ جامع بنایا جا سکے۔اسی طرح ترقیاتی ضابطوں میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کے تحت کمرشل فلور ایریا ریشو کو مخصوص شرائط کے ساتھ 400 تک بڑھایا گیا ہے جبکہ بعض تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کیلئے رائٹ آف وے کی کم از کم حد 12 میٹر سے کم کر کے 6 میٹر کر دی گئی ہے، جس سے چھوٹے شہری علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔نئے نظام کے تحت کم خطرے والی عمارتوں کیلئیسیلف سرٹیفکیشن اور آٹو اپروول کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جس کے تحت رجسٹرڈ آرکیٹیکٹس اور انجینئرز عمارتوں کی ضابطوں کے مطابق تکمیل کی تصدیق کر سکیں گے۔اس پورٹل میںآن لائن فیس کیلکولیشن، ڈیجیٹل ادائیگیاں، درخواست کی حقیقی وقت میں نگرانی، منظوری کے ڈیجیٹل دستاویزات اور ریکارڈ کی محفوظ ڈیجیٹل اسٹوریج جیسی سہولیات بھی شامل کی گئی ہیں۔