عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//محکمہ خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین، جموں و کشمیر کو 106ویں اسکوچ سمٹ کے دوران نئی دہلی میں سلور اسکوچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز پورے جموں و کشمیر میں SMARTPDS پروجیکٹ کے موثر نفاذ پر دیا گیا ہے، جس سے شفافیت، کارکردگی میں بہتری اور مستحقین کو بااختیار بنانے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔یہ پروجیکٹ کمشنر/سیکریٹری حکومت جموں و کشمیر، محکمہ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین سوربھ بھگت کی قیادت میں کامیابی سے نافذ کیا گیا۔ اس کے تحت غذائی اجناس کی ترسیل میں شفافیت کے ساتھ ساتھ اخراجات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر اس پروجیکٹ کو نافذ کرنے والی ٹاپ 9 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں شامل ہے جبکہ یوٹیز میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ اس منصوبے میں RCMS، سپلائی چین مینجمنٹ، e-KYC، درست ہدف بندی، روٹ آپٹیمائزیشن، مہاجرین کو NFSA ڈیٹا بیس سے جوڑنا، اور “میرا راشن” و “انا مترہ” جیسی ایپس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آدھار پر مبنی PoS مشینوں کے ذریعے راشن کی تقسیم کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔یہ ایوارڈ ریجنل ریزیڈنٹ کمشنر جموں و کشمیر انیل شرما نے، کمشنر/سیکریٹری سوربھ بھگت کی جانب سے وصول کیا۔