عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر بینک نے مالی سال 2025-26 کے دوران اپنی تاریخ کا سب سے زیادہ سالانہ منافع 2363.47 کروڑ روپے حاصل کیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد زائد ہے۔ بینک نے مسلسل چوتھے سال ریکارڈ منافع حاصل کر کے اپنی مضبوط مالی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔بینک نے سہ ماہی بنیاد پر بھی شاندار نتائج دیے اور تقریباً 800کروڑ روپے کا خالص منافع حاصل کیا۔
مجموعی کاروبار 13.61فیصد اضافے کے ساتھ 2.90لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گیا جبکہ مجموعی ڈپازٹس اور قرضوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔بینک کا نیٹ این پی اے کم ہو کر 0.64فیصد اور مجموعی این پی اے 2.5فیصد پر آگیا ہے، جو بہتر اثاثہ جاتی معیار کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی طرح سرمایہ جاتی مضبوطی بھی برقرار رہی اور کیپیٹل ایڈیکیسی ریشو 16.55فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ایم ڈی و سی ای او امیتاوا چٹرجی کے مطابق بینک نے مشکل معاشی حالات کے باوجود مضبوط کارکردگی دکھائی ہے اور آئندہ مرحلے میں ترقی کی رفتار مزید تیز کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک کا فوکس ریٹیل، ایم ایس ایم ای اور زرعی شعبے میں قرضوں کی فراہمی بڑھانے پر ہوگا۔بینک نے گزشتہ تین سالوں میں تقریباً 96کروڑ روپے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں پر خرچ کئے ہیں۔بینک انتظامیہ کے مطابق یہ کارکردگی صارفین کے اعتماد، ملازمین کی محنت اور مضبوط حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔