گزشتہ روز کے30 کے مقابلہ میں ایک ہی دن میں دوگنااضافہ، صوبہ میں75مثبت قرار
جموں //سرما ئی دارالحکومت جموں میں آج 2021 میں سب سے زیادہ 56 کوویڈ 19 متاثرہ معاملات درج ہوئے جو مہلک انفیکشن سے بچنے کے لئے رہنما اصولوں کے مطابق لوگوں کے غیرسنجیدہ سلوک کی وجہ سے خطرے کی گھنٹی ہے۔جموں ڈویژن کے 7 اضلاع یعنی جموں ، اودھم پور ، ڈوڈہ ، کٹھوعہ ، سانبہ ، پونچھ اور رام بن میں مجموعی طور پر 75 مثبت واقعات سامنے آئے ہیں۔ایک عہدیدار کے مطابق ضلع جموں میں ایک سرکاری اسکول کے استاد اور چھنی ہمت کے ایک گورنمنٹ اسکول کے ایک طالب علم سمیت 56 مریضوں میں مثبت تجربہ کیاگیا ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ محکمہ صحت نے نمونے لینے کے لئے پانچ اسکولوں میں ٹیمیں بھیجی تھیں۔چیف میڈیکل آفیسر جموں ڈاکٹرجے پی سنگھ نے بتایا "آج ریکارڈ کیے گئے 56 مثبت کیسوں میں سے 11 مسافر ، 30 مختلف سپتالوں میں مریض ، اچانک نمونے لینے کے دوران ایک سیکورٹی فورس اہلکار سمیت مثبت آنے والے 10افراداور پہلے سے متاثرہ افراد کے رابطہ میں آنے والے5افراد شامل ہیں‘‘۔سی ایم او جموں نے کہا کہ زیادہ تر معاملات گاندھی نگر ، پریت نگر ، نانک نگر ، چھنی ہمت ، تلاب تلو اور بخشی نگر سے آ رہے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ جموں ضلع میں یہ 2021 میں سب سے زیادہ بڑھوتری ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ جموں کے کچھ حصوں میں آر ٹی پی سی آر اور ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ (آر اے ٹی) کے ذریعے 5000 سے 6000 سیمپلنگ کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا "کل آر ٹی پی سی آر کا سیمپلنگ حجم 1650 تھا اور روزانہ کی بنیاد پر RATنمونے 3500 سے 4000 کے درمیان رہتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ایک دن میں کیسوں میں تقریبا ًدوگنا اضافہ ہوگیا ہے۔کل جموں کے مثبت واقعات 30 تھے جن میں 28 مقامی افراد اور 2 مسافر شامل تھے۔ تاہم آج مثبت معاملات ایک دن میں 56 ہو گئے جو تشویش کی ایک سنگین وجہ ہے۔ انہوں نے کہا’’ہم انتظار کریں گے اور صورتحال دیکھیں گے۔ تاہم ہمیں خدشہ ہے کہ معاملات بڑھ سکتے ہیں۔ عوامی مقامات پرسماجی فاصلے برقرار رکھتے ہوئے ماسک پہننے اور ہاتھ دھونے کی اشد ضرورت ہے‘‘۔مثبت واقعات میں اضافے کے پیش نظر جموں وکشمیر پولیس نے جموں کے مختلف علاقوں میں فیس ماسک نہیں پہننے والوں کے خلاف بھی اپنی مہم چلائی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ادھم پور میں ایک ،ڈوڈہ میں 2 مثبت ، کٹھوعہ میں 7 ، سانبہ میں 3 ، پونچھ میں 2 ، اور رام بن میں 4 کیس ریکارڈ ہوئے ہیں۔