پرویز احمد
سرینگر //جموں صوبے میں منگل کو ڈینگی سے روزانہ متاثر ہونے والے افراد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں صوبے میں 16کمسن بچوں سمیت 134افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔اس طرح جموں و کشمیر میں ڈینگی کی تشخیص کیلئے 17ہزار371ٹیسٹ کئے گئے جن میں 5ہزار429ہوگئی ہیں۔جموں صوبے میں ڈینگی بیماری کے پھیلائو پر نظر رکھنے کیلئے تعینات نوڈل آفیسر ڈوژنل نوڈل آفیسر ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ منگل کو ڈینگی کی تشخیص کیلئے 445تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں 134افراد کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے متاثر ہونے والے افراد میں 16کمسن بچوں سمیت 44خواتین اور90مرد شامل ہیں۔ جموں صوبے کے ڈیوژنل نوڈل آفیس کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار میں ضلع جموں میں 4267، سانبہ میں 204، کٹھوعہ میں 84، ادھمپور میں 483، ریاسی میں 86، راجوری میں 57، پونچھ میں 24، ڈوڈہ میں 160، رام بن میں 32 اور کشتواڑ میں 15افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ابتک کشمیر سے تعلق رکھنے والے 6افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ دیگر 11افراد بھارت کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔